سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعے سے منگل تک بارش کا الرٹ
جمعرات 19 نومبر 2026 19:23
مکہ ریجن کے کئی علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں جمعے سے آئندہ منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے بیان میں کہا ‘جازان، الباحہ اور عسیر کے بعض حصوں میں درمیانے درجے سے شدید جبکہ مکہ مکرمہ ریجن کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
’اچانک سیلابی صررتحال،ژالہ باری،، گرد وغبار اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جمعے سے منگل تک جاری رہے گا۔‘
سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ سیلابی پانی میں تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
