’حوثی امن کے لیے خطرہ‘ سعودی عرب کی ریاض پر حملوں کی شدید مذمت
جمعرات 19 نومبر 2026 21:47
جی سی سی نے بھی ریاض پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے ریاض میں شہری، اقتصادی تنصیبات اور شہری انفرا سٹرکچر پر مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حوثی ملیشیا کو’خطے اور دنیا کی سیکورٹی‘ کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب اپنی خود مختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ، شہریوں اور رہائشیوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کا مکمل اور جائز حق رکھتی ہے۔‘
’مملکت، بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق اپنی سرزمین یا اثاثوں کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گی۔‘
بیان میں سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان پر پر زور دیا کہ’وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کی جائے۔‘
علاوہ ازیں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ سعودی عرب کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی اور کشیدگی میں ایک خطرناک اضافہ ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ حوثی ملیشیا کو اس کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرانے اور مزید خطرات کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
