ایکسپو 2030 ریاض: برطانیہ نے شرکت کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے
جمعرات 19 نومبر 2026 20:04
دنیا کے سب سے بڑے عالمی ایونٹس میں سے ایک میں شرکت یقینی ہوگئی۔( فوٹو: ایس پی اے)
ایکسپو 2030 ریاض میں شرکت کرنے والے ممالک کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ برطانیہ نے بھی ایکسپو میں شرکت کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ دنیا کے سب سے بڑے عالمی ایونٹس میں سے ایک میں اس کی شرکت یقینی ہوگئی۔
ایس پی اے کے مطابق معاہدے پر سعودی وزیر مملکت برائے امورخارجہ اور ایکسپو 2030 کے کمشنر جنرل عادل الجبیر جبکہ برطانوی وزیر تجارت لارڈ انس سرور اور ایکسپو کے سی ای او انجینیئرطلال المری نے دستخط کیے۔
ایکسپو ریاض میں شرکت کے معاہدے پر دستخط کے بعد برطانیہ کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کے لیے پویلین اور دیگر سرگرمیوں کی تیاریوں کا بھی آغاز کردیا گی۔
عادل الجببیر نے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ’برطانیہ کی شرکت اس عالمی ایونٹ کی بین الاقوامی اہمیت اور ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے امکانات کی عکاس ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’موجودہ دور کے چیلنجز اور مواقع ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے مکالمے، علم کے تبادلے اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔‘
برطانوی وزیر تجارت انس سرور نے کہا ’ایکسپو 2030 ریاض دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کے تناظر میں برطانوی کمپنیوں کو سعودی عرب میں اپنی موجودگی مستحکم کرنے، نئی منڈیوں تک رسائی اور دیر پا شراکت داریاں قائم کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔‘
مملکت میں برطانوی سفیر سٹیفن ہچن نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، جدت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے برطانیہ کو عالمی نمائشوں کی میزبانی کرنے کا تاریخی اعزاز حاصل ہے۔ 1851 میں لندن میں منعقد ہونے والی ’گریٹ ایگزیبیشن‘ اس حوالے سے پہلی عالمی نمائش تھی جس میں مختلف ممالک نے صنعت، سائنس اور جدت کے میدان میں اپنی کامیابیاں نمایاں کی تھیں۔
ایکسپو 2030 میں اب تک 185 سے زائد شرکا نے اپنی شرکت کی باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے جبکہ 6 ملین مربع میٹر رقبے پر محیط ایکسپو کے مقام پر بنیادی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کی تعمیر میں بھی تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔
ایکسپو 2030 ریاض کا آغاز یکم اکتوبر 2030 سے ہو گا جو 31 مارچ 2031 تک جاری رہے گا اس کا عنوان ’مستقبل کے لیے پیش بینی‘ ہے۔
