خلیجی معیشتوں کے لیے اقتصادی تنوع کوئی نیا ہدف نہیں ہے۔ تیل اور گیس سے حاصل ہونے والی آمدنی پر انحصار کم کرنے کے لیے 1960 کی دہائی کے اوآخر اور 1970 کی دہائی کے اوائل ہی سے اسے قومی ترقیاتی حکمتِ عملیوں کا حصہ بنایا جاتا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اِس مقصد کے لیے ابتدا میں صنعتی ترقی، بنیادی ڈھانچے اور تیل کے علاوہ دیگر پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی۔ تاہم، پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد اب اقتصادی تحفظ کا تصور محض اقتصادی ترقی اور حکومتی آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے تک محدود نہیں رہا، بلکہ اِس میں یہ پہلو بھی شامل ہو گیا ہے کہ ضروری وسائل کہاں سے حاصل کیے جائیں، کہاں ذخیرہ کیے جائیں اور اِن تک رسائی کیسے یقینی بنائی جائے، تاکہ تجارتی راستوں میں رکاوٹوں کے اثرات سے بچا جا سکے؟
خلیجی معیشتیں اب بھی بڑی حد تک تیل اور گیس پر انحصار کرتی ہیں۔ سال 2024 میں تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رُکن ممالک کی مجموعی سرکاری آمدن کا تقریباً 64 فیصد تھی۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب کا جاپان میں 6.3 ملین بیرل تیل کا ذخیرہNode ID: 453046
تیل سے اِن ممالک کو 422 ارب ڈالر حاصل ہوئے، جب کہ تیل کے علاوہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی 237 ارب ڈالر رہی۔ اِس صورتِ حال میں تیل اور گیس کی پیداوار یا اُن کی برآمدی گزرگاہوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے اثرات محض توانائی کے شعبے کی آمدنی تک محدود نہیں رہتے، بلکہ اِس سے حکومتی مالیات، سرکاری سرمایہ کاری اور مجموعی اقتصادی استحکام بھی دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اقتصادی استحکام کے لیے جغرافیائی محلِ وقوع اور وسائل کی علاقائی تقسیم بھی اتنی ہی اہمیت اختیار کر چکی ہے جتنی اِن وسائل کی مجموعی مقدار۔ توانائی اور اقتصادی تحفظ کا انحصار اب تیزی سے اِس بات پر ہو رہا ہے کہ ذخائر کہاں واقع ہیں، بیرونی منڈیوں تک رسائی کتنی آسان ہے اور بنیادی راستے بند ہونے کی صورت میں متبادل نقل و حمل کی کون سی گزرگاہیں دستیاب ہیں؟ سٹریٹیجک ذخائر اب قومی اور عالمی اقتصادی تحفظ کا ایک بنیادی ذریعہ بنتے جا رہے ہیں جنہیں ماضی میں زیادہ تر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی بندوبست تصور کیا جاتا تھا۔

خلیج تعاون کونسل کے ممالک بھی اِس حقیقت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے ہاں اور بیرون ملک اہم سٹریٹیجک مقامات پر اپنے ذخائر قائم کرنے اور متبادل راستوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
حاصل ہونے والے اسباق
2026 میں آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹ نے یہ واضح کیا کہ صرف پیداواری صلاحیت برقرار رکھنا ہی کافی نہیں، بل کہ برآمدی منڈیوں تک قابلِ اعتماد رسائی یقینی بنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اِس بحران کے نتیجے میں دنیا بھر میں تیل کی مجموعی تجارت کا تقریباً 30 فیصد اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی برآمدات کا 20 فیصد حصہ متاثر ہوا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جب کہ یورپ میں گیس کی قیمتوں میں تقریباً 60 فیصد اضافہ ہوا۔
خلیجی تیل برآمد کرنے والے ممالک کو اِس بحران کے دوران یکساں نوعیت کے خطرات اور مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات خلیج کے ایسے تیل پیدا کرنے والے ممالک ہیں جن کے پاس پہلے سے موجود پائپ لائنیں آبنائے ہرمز کو بڑی حد تک بائی پاس کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔
سعودی عرب کی مشرقی ساحل سے مغربی ساحل تک جانے والی پائپ لائن بحیرۂ احمر کی بندرگاہ ینبع تک پہنچتی ہے، جس کی یومیہ گنجائش 70 لاکھ بیرل تک ہے۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کی حبشان سے فجیرہ تک جانے والی پائپ لائن خلیج عمان تک رسائی فراہم کرتی ہے، جس کی یومیہ گنجائش تقریباً 15 لاکھ سے 18 لاکھ بیرل ہے۔
دوسری جانب کویت، قطر اور بحرین کے پاس برآمدات کے لیے کوئی متبادل راستہ موجود نہیں تھا۔ آبنائے ہرمز پر انحصار کرنے والے خلیجی ممالک کی تیل کی ترسیل پہلے ہی مہینے میں ایک تہائی سے زیادہ کم ہو گئی، جب کہ برآمدی آمدنی میں اندازاً 15 ارب 20 کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ اِس بحران سے چار بنیادی اسباق سامنے آئے:

1۔ پائپ لائنیں کافی نہیں: متبادل پائپ لائنوں کے ذریعے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی خلیجی برآمدات کا صرف ایک حصہ دوسرے راستوں پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اِن پائپ لائنوں کی مقررہ گنجائش کا بھی بڑا حصہ پہلے ہی استعمال ہو رہا ہے، جب کہ ان کے ٹرمینلز اور متبادل راستے بھی خطرات سے محفوظ نہیں اور علاقائی خطرات کی زد میں ہیں۔
2۔ مالیاتی ذخائر بھی کم ہیں: حکومتوں کے مالیاتی ذخائر اور خودمختار دولت کے فنڈز آمدنی میں اچانک کمی کے اثرات تو برداشت کر سکتے ہیں، لیکن اِن کے ذریعے نہ تو آمدنی کا مستقل تحفظ ممکن ہے اور نہ ہی عالمی منڈیوں تک رسائی کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔
3۔ خریداروں کے ساتھ تعلقات: ایشیائی خریدار اگر کئی ہفتوں تک خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی رسد سے محروم رہیں تو وہ متبادل ذرائع تلاش کریں گے۔ اِس کے نتیجے میں خلیجی تیل اور گیس پیدا کرنے والے ممالک عالمی منڈی میں اپنا حصہ کھو سکتے ہیں۔
4۔ انحصار کا خطرہ دونوں جانب موجود: آبنائے ہرمز صرف خلیجی ممالک کی تیل اور گیس کی برآمدات کا راستہ نہیں، بلکہ اِس کے ذریعے اِن ممالک کو خوراک اور صنعتی پیداوار کے لیے ضروری خام مال اور دیگر اشیا بھی درآمد کی جاتی ہیں۔ چناں چہ اِس راستے میں رکاوٹ خوراک کے تحفظ اور صنعتی پیداوار کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔
یوں اِس بحران کے اثرات اور شدت نے اب پورے خطے کے ممالک کو اپنی حکمت عملی پر ازسرِنو غور کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
ایشیا پر خصوصی توجہ
ایشیا خلیجی ممالک کے بیرونِ ملک سٹریٹیجک ذخائر کا مرکزی خطہ بنتا جا رہا ہے۔ ایشیا خلیج کی توانائی کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والی خام تیل کی مجموعی ترسیل کا 80 فیصد سے زیادہ اِسی خطے کو جاتا ہے۔ خلیجی ممالک سے توانائی کی فراہمی پر ایشیائی ممالک کا بھاری انحصار، اور متبادل تیل پیدا کرنے والے ممالک سے طویل بحری فاصلوں کے باعث یہ خطہ رسد میں تعطل کے خطرات سے خاص طور پر دوچار ہے۔
خلیجی برآمد کنندگان کے لیے ایشیائی صارفین کے قریب سٹریٹیجک ذخائر قائم کرنے سے نہ صرف منڈیوں تک رسائی محفوظ بنانے اور ترسیل کا وقت کم کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ طویل المدتی تجارتی تعلقات بھی مضبوط ہوتے ہیں۔

جاپان اور جنوبی کوریا اِس حوالے سے سب سے نمایاں عملی مثالیں ہیں۔ جاپان نے سال 2010 سے سعودی عرب اور سال 2009 سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ خام تیل ذخیرہ کرنے کے انتظامات کر رکھے ہیں، جب کہ کویت کے ساتھ یہ سلسلہ سال 2020 میں شروع ہوا۔ جنوبی کوریا بھی کوریا نیشنل آئل کارپوریشن کے ذریعے اِسی نوعیت کا نظام چلا رہا ہے۔
انڈیا بھی خلیجی ممالک کے لیے ایک اور اہم سٹریٹیجک مقام بن کر سامنے آیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری تیل و گیس کمپنی ایڈنوک (اے ڈی این او سی) نے سال 2018 سے انڈیا کی بندرگاہ منگلور میں خام تیل ذخیرہ کر رکھا ہے، جہاں تقریباً 60 لاکھ بیرل تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔
نئی شراکت داریاں اِس نیٹ ورک کو جنوب مشرقی ایشیا تک پھیلانے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ اکتوبر 2026 میں سعودی عرب اور سنگاپور نے سنگاپور کی جورونگ راک کیورنز میں سعودی خام تیل ذخیرہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ اِس تنصیب میں مجموعی طور پر تقریباً 90 لاکھ بیرل تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ فلپائن بھی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ایسے انتظامات کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
یہ انتظامات بیرونِ ملک قائم ذخائر کو باہمی اقتصادی تحفظ کے ذرائع میں تبدیل کر رہے ہیں۔ اِس طرح تیل درآمد کرنے والے ممالک کو ہنگامی حالات میں تیل کی فراہمی تک رسائی حاصل ہو جاتی ہے، جب کہ انہیں لازماً پورے ذخیرے کی مالی لاگت خود برداشت نہیں کرنا پڑتی۔
دوسری جانب خلیجی ممالک کے تیل پیدا کرنے والے ادارے اِن منڈیوں میں اپنی موجودگی مضبوط بناتے ہیں اور انہیں اپنے ذخائر کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی لچک بھی برقرار رہتی ہے۔ تاہم، یہ ذخائر صرف محدود مدت کے لیے تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ اِن کی افادیت کا انحصار دستیاب ذخیرے، معاہدوں کے تحت رسائی کے حقوق اور طویل عرصے تک رسد میں تعطل کی صورت میں ذخائر دوبارہ بھرنے کی صلاحیت پر ہوتا ہے۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ بیرونِ ملک قائم تیل کی ہر ذخیرہ گاہ کو سٹریٹیجک ذخیرہ نہیں کہا جا سکتا۔ تجارتی مراکز میں موجود ذخائر تک ہنگامی حالات میں رسائی کا کوئی خودکار حق حاصل نہیں ہوتا۔ ایک ہی تنصیب تجارتی اور سٹریٹیجک دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہو سکتی ہے، لیکن اِس کا انحصار متعلقہ معاہدوں اور اس کی عملی ساخت پر ہوتا ہے۔
ذخائر ذخیرہ کرنے کی لاگت کی بجائے اب اِس بات کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے کہ عالمی منڈیوں تک رسائی برقرار رکھنے سے کتنا فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ روایتی طور پر تیل درآمد کرنے والے ممالک رسد میں ممکنہ تعطل کے اثرات کم کرنے کے لیے تیل کے ذخائر برقرار رکھتے رہے ہیں، تاہم اس سے انہیں مالی فائدہ بہت محدود حاصل ہوتا ہے۔ دوسری جانب خلیجی ممالک کے لیے بیرونِ ملک تیل ذخیرہ کرنے کے دوہرے فوائد ہیں: اول، بحرانی حالات میں عالمی منڈیوں تک رسائی محفوظ رکھنا اور دوم، تجارت، ترسیل اور تقسیم کے ذریعے تجارتی منافع حاصل کرنا۔

سرمایہ کاری کے چار ماڈل
سرمایہ کاری کے چار مختلف ماڈل سامنے آ رہے ہیں۔ اِن میں سے ہر ایک کے تحت اخراجات، ملکیت، تجارتی منافع اور ہنگامی حالات میں ذخائر تک رسائی کے حقوق کی تقسیم مختلف انداز میں ہوتی ہے۔
1۔ تجارتی بنیادوں پر ذخیرہ کرنے کی گنجائش کرائے پر حاصل کرنا
اے ڈی این او سی گلوبل ٹریڈنگ کا سنگاپور میں ذخیرہ گاہ کرائے پر لینے کا معاہدہ اس ماڈل کی سادہ ترین مثال ہے۔ اس میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں پڑتی، معاہدے کی مدت میں لچک ہوتی ہے اور ذخیرے کا انتظام تجارتی خرید و فروخت کے تحت کیا جاتا ہے۔ اِس ماڈل سے تیزی سے کام شروع کرنے اور ضرورت کے مطابق تجارتی مواقع سے فائدہ اُٹھانے کی سہولت تو ملتی ہے، لیکن ذخائر پر خودمختار ملکیت حاصل نہیں ہوتی۔
2۔ میزبان ملک کی سٹریٹیجک ذخیرہ گاہوں میں تیل پیدا کرنے والی کمپنی کے اپنے ذخائر
سعودی آرامکو، سنگاپور کی انرجی مارکیٹ اتھارٹی اور جے ٹی سی کارپوریشن کے درمیان معاہدہ اِس ماڈل کی مثال ہے۔ اِس کے تحت سعودی آرامکو کو میزبان ملک کے زیرِانتظام سٹریٹیجک زیرِزمین ذخیرہ گاہوں میں اپنا خام تیل ذخیرہ کرنے کی اجازت حاصل ہے۔ کمپنی معمول کے حالات میں اسے عام تجارتی شرائط کے تحت فروخت کر سکتی ہے، جب کہ رسد میں ہنگامی تعطل کی صورت میں میزبان ملک کو اِس تیل تک رسائی حاصل ہو گی۔ اِس انتظام سے میزبان ملک کو ذخائر بھرنے کے اخراجات برداشت نہیں کرنا پڑتے، جب کہ تیل پیدا کرنے والی کمپنی کو اپنی سب سے بڑی منڈی میں پہلے سے موجودگی اور رسائی کا فائدہ حاصل ہو جاتا ہے۔
3۔ تیل پیدا کرنے والی کمپنی کی ملکیت اور مالی معاونت سے ذخیرہ گاہوں کی تعمیر
فلپائن کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی تجاویز اِس سے ایک قدم آگے ہیں۔ اِس ماڈل میں خلیجی فریق ذخیرہ گاہ کی تعمیر کے اخراجات برداشت کرتا ہے اور اِس کی ملکیت بھی اپنے پاس رکھتا ہے، جب کہ فلپائن کو ہنگامی حالات میں تیل تک یقینی رسائی حاصل ہو گی۔ اِس طرح سرمایہ کاری کے ذریعے کسی اہم منڈی میں طویل المدتی تجارتی حق اور سٹریٹیجک شراکت داری حاصل کی جاتی ہے۔

4۔ مشترکہ سرمایہ کاری سے توانائی اور تجارتی مراکز کا قیام
پاکستان میں بانڈڈ سٹوریج کا نظام اِسی ماڈل کی مثال ہے، جس میں خلیجی سرمایہ کاری کو میزبان ملک کی زمین، بندرگاہوں اور پائپ لائنوں کے ساتھ یکجا کیا جاتا ہے، جب کہ اکثر اِس میں تجارتی کمپنیاں بھی شریک ہوتی ہیں۔ اس نوعیت کے منصوبے صرف توانائی کے تحفظ کی بجائے رسد اور ترسیل کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری پر بھی مرکوز ہوتے ہیں، اور اِن سے حاصل ہونے والے منافع کا انحصار تیل اور دیگر مصنوعات کی ترسیل کے حجم پر ہوتا ہے۔
افریقی بندرگاہیں
افریقہ بھی خلیجی ممالک کو اپنے سٹریٹیجک ذخائر کے جغرافیائی پھیلاؤ کے لیے ایک اور راستہ فراہم کرتا ہے، بالخصوص ایسی بندرگاہوں کے ذریعے جو کئی درآمد کنندہ ممالک کو رسد فراہم کرتی ہیں۔ سعودی آرامکو کی تجارتی ذیلی کمپنی آرامکو ٹریڈنگ مصر کی بندرگاہوں عین سخنہ اور سیدی کریر میں پہلے ہی ذخیرہ گاہیں چلا رہی ہے، تاہم مشرقی افریقہ میں اب بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
کیا سے کہاں تک
اقتصادی تنوع کا تصور اب صرف اِس بات تک محدود نہیں رہا کہ خلیجی معیشتیں کیا پیدا کرتی ہیں، بلکہ یہ بھی اہم ہو گیا ہے کہ وہ ضروری وسائل کہاں ذخیرہ کرتی ہیں اور بحرانی حالات میں عالمی منڈیوں تک کتنی قابلِ اعتماد رسائی برقرار رکھ سکتی ہیں۔سٹرٹیجک ذخائر اِس تبدیلی کے مرکز میں ہیں۔













