Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویلفیئر سوسائٹی جدہ کا سالانہ ہیلتھ سیمینار

  علاج بالغذا  اور نبی کریم کی پسندیدہ غذاؤں کے موضوع پر لیکچر ،بیماریوں سے  بچاؤ اور  رمضان میں احتیاطی  تدابیر پر گفتگو

 

رپورٹ : سید شہاب الدین
   گزشتہ  ہفتے  پاکستان  ویلفیئر سوسائٹی(PWS) نے صحت سے متعلق ایک سیمینار کا اہتمام کیا جس میں  علاج بالغذا  اور نبی کریم کی پسندیدہ غذاؤں کے موضوع پر لیکچر دیا گیا۔اسکے علاوہ مختلف بیماریوں سے  بچاؤ اور  رمضان میں کھانے پینے میں احتیاطی  تدابیر پر گفتگو کی گئی اور  ان طریقوں کے بارے میں آگاہی دی جس سے ہمارا روزہ بھی صحیح گزرے اور عبادت کا لطف بھی حاصل ہو۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت معروف قاری  محمد آصف نے  حاصل کی۔  نعت رسول مقبول محمد نواز جنجوعہ نے پیش کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض  انور انجم نے احسن طریقے سے انجام دیئے۔
    معروف بزنس شخصیت فیصل طاہر نے نبی کریم کی پسندیدہ غذاؤں سے علاج پر لیکچر دیتے  ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنی روز مرہ کی زندگی میں ان چیزوں کا استعمال شروع کردیں جو حضور کو پسند تھیں تو ہم بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
     فیصل طاہر  نے کہا کہ حضور ہر موسم کا پھل کھایا کرتے تھے کہ مختلف بیماریوں سے لڑنے کیلئے    اس موسم کے  پھل میں ہی قوت مدافعت موجود ہوتی ہے۔  روزوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے  سحر و افطار میں اعتدال اختیار کرنے پر زور دیا ۔خصوصاً افطاری میں بہت احتیا ط سے کام لینا اور بسیار خوری سے بچنا چاہئے ۔
    پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمن نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان  ویلفیئر سوسائٹی جدہ ہر15 دن  پر پاکستان قونصلیٹ میں  میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرتی ہے جہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔مفت دواؤں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ  بلڈ ٹیسٹ، الٹرا ساؤنڈ اورآنکھوں کے معائنے کی بھی مفت سہولت حاصل ہے۔ انہوں نے ایبٹ آباد میں پاکستان کڈنی سینٹرکی کارکردگی پررپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کڈنی سینٹر میں گْردوں کی بیماری میں مبتلا نادارافراد کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔
    تقریب میں شرکت کرنے والوں میں پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے نائب صدر  شریف زمان،  جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد عبید  کے علاوہ دیگر اراکین میں  خالد ضیاء، محمود بھٹی ،  ڈاکٹر محبوب صدیقی ،  ڈاکٹر ثناء  اللہ ،   ڈاکٹر شاہد منہاس ،  ارتضٰی  شامی،  خلیل جنجوعہ ،یونس میمن ،راقم الحروف ،  ارشد محمود ،  فہیم ارشد ، جاوید میمن، عمران عباسی، احمد جمالی اور  PWS  کی خواتین  ونگ کی ڈاکٹر نیلوفر عذرا ،   ڈاکٹر صبا تازین،   ڈاکٹر نرگس ،  ڈاکٹر ثناء     یاور ،  نورینہ اسحاق ، انیقہ اسحاق ،  زنیرہ  عابد، دعا احمد،  منال شاہد اور سلمٰی عمر نے بھی شرکت کی۔
    آخر میں جدہ کے معروف عالم دین مولانا حبیب الرحمن نے  پاکستان اور سعودی عرب کے استحکام کیلئے بالخصوص  اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے بالعموم دعا فرمائی۔ڈاکٹر خلیل الرحمن نے تمام مہمانوں کا  شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں:- - - -مسلم لیگ ن کا مستقبل تابناک ، سعید وینس

شیئر: