نوعمر صارفین کے لیے اے آئی کرداروں کی رسائی ’عارضی طور پر‘ روکنے کا اعلان
نوعمر صارفین کے لیے اے آئی کرداروں کی رسائی ’عارضی طور پر‘ روکنے کا اعلان
جمعہ 23 جنوری 2026 21:36
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اکتوبر میں میٹا نے والدین کے لیے نئے کنٹرول فیچرز متعارف کروائے تھے (فوٹو: میٹا)
ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں اپنے تمام پلیٹ فارمز پر نوعمر صارفین (ٹین ایجرز) کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے کرداروں تک رسائی عارضی طور پر روک رہا ہے۔
ٹیکنالوجی کی خبروں کی ویب سائٹ ’ٹیک کرنچ‘ کو کمپنی نے بتایا ہے کہ ’یہ قدم اے آئی کرداروں کو ختم کرنے کے لیے نہیں بلکہ کم عمر صارفین کے لیے ایک خاص اور محفوظ ورژن تیار کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔‘
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیو میکسیکو میں ’میٹا‘ کے خلاف ایک مقدمہ سماعت کے لیے تیار ہے، جس میں کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے اپنے پلیٹ فارمز پر بچوں کو جنسی استحصال سے بچانے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے۔
اس کے علاوہ رپورٹس کے مطابق، میٹا نے نوعمر بچوں کی ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے اثرات سے متعلق شواہد تک رسائی محدود کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔
اکتوبر میں میٹا نے والدین کے لیے نئے کنٹرول فیچرز متعارف کروائے تھے، جن کا مقصد ٹین ایجرز کے لیے اے آئی کے استعمال کو زیادہ محفوظ بنانا تھا۔ ان فیچرز کو ’پی جی 13‘ فلم ریٹنگ سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا، جن کے تحت کم عمر صارفین کو انتہائی تشدد، عریانی اور منشیات کے گرافک مواد جیسے موضوعات تک رسائی محدود کر دی گئی تھی۔
چند دن بعد ’میٹا‘ نے اے آئی کرداروں کے لیے مزید کنٹرولز کا بھی اعلان کیا تھا، جن کے ذریعے والدین مخصوص موضوعات کی نگرانی اور بعض اے آئی کرداروں کو بلاک کر سکتے تھے۔ اس وقت یہ بھی کہا گیا تھا کہ والدین مکمل طور پر اے آئی چیٹس بند کر سکیں گے۔ اگرچہ یہ فیچرز رواں سال متعارف کروانے کا منصوبہ تھا، مگر اب ’میٹا‘ نے زیادہ سخت فیصلہ کرتے ہوئے ٹین ایجرز کے لیے اے آئی کرداروں تک رسائی مکمل طور پر بند کر دی ہے۔
’میٹا‘ کے مطابق والدین کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا تھا کہ انہیں اپنے بچوں کے اے آئی کے ساتھ تعامل پر مزید کنٹرول اور شفاف معلومات فراہم کی جائیں تاہم اسی بنیاد پر کمپنی نے یہ قدم اٹھایا۔
ٹین ایجرز کسی بھی میٹا ایپ پر اے آئی کردار استعمال نہیں کر سکیں گے (فائل فوٹو: پکسابے)
’میٹا‘ نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں ٹین ایجرز کسی بھی میٹا ایپ پر اے آئی کردار استعمال نہیں کر سکیں گے۔ یہ پابندی ان صارفین پر بھی لاگو ہوگی جنہوں نے اپنی عمر کم ظاہر کی ہے، یا جنہیں ’میٹا‘ کی عمر شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی نوعمر سمجھتی ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ جب ٹین ایجرز کے لیے نیا اے آئی ورژن متعارف کروایا جائے گا تو اس میں والدین کے لیے بلٹ اِن کنٹرولز ہوں گے اور اے آئی کردار صرف عمر کے مطابق موضوعات جیسے تعلیم، کھیل اور مشاغل تک محدود رہیں گے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا کمپنیاں اس وقت ریگولیٹرز کی سخت نگرانی میں ہیں۔ میٹا کو نہ صرف بچوں کے تحفظ بلکہ سوشل میڈیا لت پیدا کرنے کے الزامات پر بھی عدالتی کارروائی کا سامنا ہے، جس میں سی ای او مارک زکربرگ کے گواہی دینے کی توقع ہے۔