Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپین میں اپنی دو بہنوں اور بھائی کے قتل پر پاکستانی شخص کو 36 برس قید کی سزا

بہن بھائیوں کی لاشیں گھر سے برآمد ہونے کے بعد دلاور حسین نے خود کو پولیس کے حوالے کیا اور قتل کا اعتراف کیا۔ (فوٹو: یورپ پریس)
سپین کی ایک عدالت نے آن لائن رومانوی دھوکے سے مبینہ طور پر جڑے قرض کے تنازع پر اپنے سے بڑی دو بہنوں اور ایک بڑے بھائی کے قتل کے جرم میں ایک پاکستانی شخص کو 36 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ برس اکتوبر میں ایک جیوری نے دلاور حسین کو دسمبر 2023 میں میڈرڈ کے قریب موراتا دے تاخونا میں دو بہنوں اور معذور بھائی کے قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔
نومبر میں میڈرڈ کی ایک عدالت نے حسین کو ہر قتل کے لیے 12 برس قید کی سزا سنائی۔ ملزم نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔
44 سالہ دلاور حسین نے، بہن بھائیوں کی جزوی طور پر جلی ہوئی لاشیں ان کے گھر سے برآمد ہونے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کیا اور قتل کا اعتراف کیا۔
70 کے پیٹے کے بہن بھائیوں کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا، اور امکان ہے کہ لوہے کی سلاخ سے ضربیں لگائی گئی ہوں۔
مقدمے کی کارروائی کے دوران دلاور حسین نے معافی مانگی اور کہا کہ وہ ’آوازیں سن رہا تھا‘ اور ’اپنے ہوش و حواس میں نہیں تھا۔‘
پڑوسیوں نے ہسپانوی میڈیا کو بتایا کہ یہ سانحہ ایک جعلی آن لائن رومانوی تعلق سے جڑا تھا، جس میں دونوں بہنیں یہ سمجھتی تھیں کہ وہ دو امریکی فوجیوں کے ساتھ رومانوی تعلق میں ہیں۔
انہیں یہ باور کرایا گیا کہ ان میں سے ایک فوجی کی موت ہو گئی ہے جبکہ دوسرے کو اخراجات پورے کرنے کے لیے رقم درکار ہے تاکہ وہ انہیں کروڑوں یورو کی وراثت میں سے حصہ بھیج سکے۔ اس کے نتیجے میں بہنوں پر بھاری قرض چڑھ گیا۔

مقدمے کی کارروائی کے دوران دلاور حسین نے معافی مانگی۔ (فائل فوٹو: ایکس)

عدالتی فیصلے کے مطابق دلاور حسین، جو بہن بھائیوں کے گھر میں ایک کرائے کے کمرے میں رہتا تھا، نے بہنوں کو تقریباً 60 ہزار یورو قرض دیا، جو واپس نہیں کیا گیا۔
اس کے بعد فروری 2023 میں اس نے ایک بہن پر ہتھوڑے سے حملہ کیا۔
اس حملے پر اسے دو برس قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم یہ اس کا پہلا جرم ہونے کے باعث ہسپانوی قانون کے تحت سزا معطل کر دی گئی تھی۔
حسین کو ایک علیحدہ مقدمے کا بھی سامنا ہے، جس میں اس پر فروری 2024 میں میڈرڈ کی ایک جیل میں، بہن بھائیوں کے قتل کے مقدمے کے فیصلے کا انتظار کرتے ہوئے، اپنے جیل سیل کے 39 سالہ بلغارین ساتھی کے قتل کا الزام ہے۔

 

شیئر: