Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں عثمانیہ الومنائی کی تنظیم نو، منتخب کمیٹی مقرر

 فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند ریاض ڈاکٹر حفظ الرحمان اعظمی مہمان خصوصی تھے،تعاون اور مدد کی یقین دہانی
کے این واصف ۔ ریاض
  عثمانیہ یونیورسٹی الومنائی ایسوسی ایشن ریاض کی تنظیم جدید عمل میں آئی۔ نئی کمیٹی نے ایک پروقار تقریب میں اپنی ذمہ داری کا جائزہ لیا۔ اس تقریب میں ڈاکٹر حفظ الرحمان اعظمی، فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند ریاض نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ نومنتخب کمیٹی اس طرح ہے کہ انجینیئر محمد مبین صدر، محمد شہباز فاروقی اور وینو مادھو نائب صدر ، تقی الدین میر جنرل سیکریٹری، سید عتیق اور سہیل صدیقی جوائنٹ سیکریٹری، محمد کلیم خازن ، اسلم خان  آئی ٹی انچارج، اراکین عاملہ میں سلطان مظہر الدین، ڈاکٹر مجیب خان اور رضوان پاشا شامل ہیں۔
    تقریب کا آغاز نوجوان حافظ و قاری عبدالواسع جاوید کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ شہباز فاروقی کے تعارفی کلمات کے بعد سابق صدر محمد قیصر نے محفل کو مخاطب کیا۔ انہوں نے اپنی میعاد کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب کمیٹی مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریگی اور ایسوسی ایشن کے اب تک کے سفر کو کامیابی کیساتھ جاری رکھے گی۔
    ایسوسی ایشن کے مشیر انجینیئر عبدالحمید نے کہا کہ قومو ں کا عروج و زوال تعلیم سے ہے۔ ہمیں اپنی قوم  میں تعلیمی ترقی پر سب سے زیادہ زور دینا چاہئے۔ نومنتخب صدر انجینیئر محمد مبین نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے  پچھلے 2سال میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔ ہم اس سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے اپنی ساری توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
    مہمان خصوصی  ڈاکٹر حفظ الرحمان اعظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستانی سفارتخانے کی موجودگی کا مقصد کمیونٹی کے مسائل حل کرنا اور انکی فلاح و بہبود کا خیال رکھنا بھی ہے لیکن ایمبیسی کا اسٹاف اور اس کے وسائل محدود ہوتے ہیں اسلئے ہم ہمیشہ سماجی تنظیموں سے تعاون و مدد حاصل کرتے ہیں اور جب کبھی ایمبیسی کو مدد کی ضرورت پڑتی ہے سیاسی تنظیموں اور سماجی کارکنان نے ایمبیسی کیساتھ بھرپور تعاون کیا ۔
    اس تقریب کا آخری حصہ ’’محفل لطیفہ گوئی‘‘ تھا جس سے حاضرین بیحد محظوظ ہوئے۔ راقم الحروف نے اس محفل کی نظامت کی۔ ڈاکٹر عزیز غازی، محمد قیصد ،  راقم، تقی الدین میر، محمد ضیغم خان، سید وقار الدین، محمد غضنفر علی خان وغیرہ نے لطیفے پیش کرکے محفل کو زعفران زار کیا۔
    مہمان خصوصی ڈاکٹر حفظ الرحمان کے ہاتھوں سابقہ کمیٹی کے اراکین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تہنیتی سپاس نامے پیش کئے گئے۔ حیدرآباد دکن سے شائع ہونے والے ماہنامہ شگوفہ نے عثمانیہ یونیورسٹی الومنائی ایسوسی ایشن کے سرپرست  آرکیٹکٹ عبدالرحمان سلیم کی خدمات کے اعتراف میں ایک خصوصی شمارہ شائع کیا۔  اس موقع پر ڈاکٹر حفظ الرحمان نے س خصوصی شمارے کی رسم اجراء بھی انجام دی۔
    اس محفل میں ریاض کی تمام سماجی تنظیموں کے نمائندوں ، ریاض میں موجود عثمانین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایک مقامی ریستوران میں منعقدہ اس تقریب کی نظامت محمد شہباز فاروق اور تقی الدین میر نے انجام دی۔ سید عتیق کے ہدیۂ تشکر پر اس محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
مزید پڑھیں:- - - - -رضا کاروں کے اعزاز میں حج والنٹیئرگروپ کی طرف سے تقریب

شیئر: