نجران کے چوراہوں اور شاہراہوں پر ثقافتی و تاریخی مقامات کے ماڈلز نصب
سعودی عرب کے شہر نجران میں ایک نمایاں بصری تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ریجنل میونسپلٹی نے شہر کے چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں پر ثقافتی و تاریخی شناخت کو اجاگر کرتے ہوئے خوبصورت مجسمے نصب کر دیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہر میں نصب کیے جانے والے مجسمے نجران کے ورثے سے ہم آہنگ ڈیزائنوں پرمشتمل ہیں۔
ان میں ’دلہ‘ (عربی قہوہ کا برتن) یہ مہمان نوازی اور سخاوت کی علامت ہے۔ روایتی بخور دان کے علاوہ مٹی کے قدیم مکانات اور تاریخی قلعوں کے مجسم نمونے علاقے کے فن تعمیر کو اجاگر کرتے ہیں۔
مجسموں کی تنصیب میں منفرد انداز اختیار کرتے ہوئے خوبصورت روشنیوں سے انہیں مزین کیا گیا ہے جو رات کے وقت بہت دلکش مناظر پیش کرتے ہیں۔

نجران شہر میں نصب دیگر جمالیاتی مجسموں میں ’المصمک، حائل، کلاک ٹاور کے علاوہ مملکت کے مختلف علاقوں کے ثقافتی و تاریخی مقامات کی نمائندگی کرتے ماڈلز بھی شامل ہیں جن کا مقصد مملکت کے دیگر خطوں کی عکاسی کرنا ہے۔

ریجنل میونسپلٹی کے مطابق شہر میں جمالیاتی مجسموں کی مجموعی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے جنہیں نہایت منصوبہ بندی کے ساتھ مناسب و موزوں مقامات پر نصب کیا گیا ہے تاکہ شہر کی بصری شناخت کو مضبوط اور اس کے ثقافتی و تہذیبی تشخص کو نمایاں کیا جا سکے۔