Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عظمت اور تاریخ کی راہوں میں یادگار سفر: درعیہ میں گائیڈ کے ساتھ صبح کی سیر

درعیہ سیزن 25/26 کے تحت وزٹرز کو تفریحی وثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے منفرد تجربات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے کی ایک منفرد سرگرمی ’ممشاک فی عزک و ملفاک‘ (عظمت اور تاریخ کی راہوں میں یادگار سیر) کے عنوان سے شروع کی گئی ہے جس میں وزٹرز کو دلکش اور معلوماتی انداز میں درعیہ کی تاریخ اور مقامی ماحول سے روشناس کرایا جاتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیر کے منفرد تجربے کا آغاز صبح کے پُرفضا لمحات میں کیا جاتا ہے جہاں خوبصورت مناظر، تاریخی ورثہ اور تفریحی عناصر ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو جاتے ہیں۔
سیر کا آغاز صبح 5 بجکر 30 منٹ پر ہوتا ہے جب شرکاء ’الظویھرہ‘ محلے میں جمع ہو جاتے ہیں اورالدرعیہ کے قدیم و تاریخی علاقوں کا رخ کرتے ہیں جن میں نمایاں ترین ’الطریف محلہ، البجیری، سمحان اور ملوی محلے شامل ہیں۔
سیر کے شرکاء کو قدیم عمارتوں کے درمیان طلوع آفتاب کا دلکش منظر دیکھنے کا موقع ملتا ہے جو قدرتی حسن اور روایتی تعمیرات کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔

صبح کی واک کے پروگرام کا آغاز طلوع آفتاب سے قبل ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

واک کے دوران مختلف مقامات پر ٹھہرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے جہاں شرکاء قدرتی مناظر کا مشاہدہ کرتے ہیں اور الدرعیہ کی تاریخ سے متعلق دلچسپ معلومات ان کے گوش گزار کی جاتی ہیں۔اس سے وزٹرز کا علاقے سے جذباتی تعلق بھی مضبوط ہوتا ہے اور یہ تجربہ محض صج کی سیر کے بجائے جامع ثقافتی و معلوماتی تفریح میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
سیر کی اس یادگار سرگرمی کا اختتام صبح 8 بجے ’طوفریہ الظویھرۃ‘ میں ہوتا ہے جہاں تمام شرکاء کو نجدی ناشتے کے مقامی ذائقے سے روشناس کرایا جاتا ہے جو سعودی عرب کی مہمان نوازی کی عکاسی کرتا ہے۔

شیئر: