Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں بین لاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ کی اجازت

لاہور:پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع ہونے کے بعد بین الاقوامی ہاکی مقابلے بھی بحال ہونے والے ہیں اور انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے 14 سال بعد پاکستان میں ہاکی کے بین الاقوامی میچز کرانے کی اجازت دے دی ہے۔اس سلسلے کا پہلا ایونٹ ہاکی سیریز اوپن ٹورنامنٹ کے نام سے 25 سے 30 ستمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا ۔ اس ایونٹ میں افغانستان ، بنگلہ دیش ، قازقستان ، قطر ، عمان اور سری لنکا کی ہاکی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اگرچہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبان ہو گی لیکن پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم ممکنہ طور پر شرکت نہیں کرسکے گی۔ پاکستانی ہاکی ٹیم ان تاریخوں میں’’ پرو ہاکی لیگ‘‘ کی مصروفیات کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکے گی۔اس بات کا بھی امکان ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اس ٹورنامنٹ کیلئے اپنی ایک اور ہاکی ٹیم تشکیل دے تاکہ کھلاڑیوں کو پریکٹس کے ساتھ غیر ملکی پلیئرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع مل سکے۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آخری بار 2004 ء میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تھی۔ اگرچہ رواں سال جنوری میں ورلڈ الیون کی ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم’’ہاکی سیریز اوپن‘‘ 14 سال بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستانی سر زمین پر ہونے والا پہلا باضابطہ ٹورنامنٹ ہوگا۔

شیئر: