Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے سینما اور عجائب گھروں کیلئے پاکستانی ماہرین طلب کرلئے

ریاض..... باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے سینما گھر چلانے اور عجائب گھروں کے نظم و نسق کیلئے پاکستانی ماہرین طلب کرلئے۔ پاکستان سے موصولہ رپورٹوں میں بتایاگیا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستانی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ مملکت کو ہنگامی بنیادوں پر عجائب اور سینما گھروں کا تکنیکی عملہ فراہم کرے۔ اے پی پی نے معتبر ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ جی سی سی ممالک ، سعودی عرب ، کویت ، بحرین ، متحدہ عرب امارات ، قطر اور سلطنت عمان کی جانب سے پاکستان کا تکنیکی اور ماہر عملہ بڑے پیمانے پر طلب کیا جارہا ہے۔ پاکستانی حکام زیادہ سے زیادہ ماہرین جی سی سی ممالک کو مختلف شکلوں میں فراہم کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات کررہے ہیں۔سعودی عرب کے اہم نمائندوں نے پاکستان سے لائبریریوں میں کمپیوٹر آلات، فہرست سازی کی خدمات اور لاجسٹک امورانجام دینے والا تکنیکی عملہ پروگراموں کو مربوط کرنے والے ماہرین فراہم کرنے کیلئے کہا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے جو بھی پاکستانی ان شعبوں میں اپنی خدمات پیش کرنا چاہیں وہ 4جون 2018ءتک پاکستان کی وزارت محنت کے ماتحت ای گیٹ سے رجوع کرکے امیدوار بن سکتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی فلم ”پرچی“ سعودی دارالحکومت ریا ض میں دکھائی گئی تھی او رپاکستان او رمملکت کے درمیان فلم سازی اور ڈراموں کے شعبوں میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے۔ دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو تجارتی ، صنعتی اور ثقافتی شعبوں میں بھی روایتی رشتوں کے ہم پلہ بنانے کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات دونوں جانب سے کئے جانے لگے ہیں۔
 

شیئر: