Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کو بیلسٹک میزائل اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، چار افراد زخمی

ریاض میں سفارتی کوارٹر کے قریب ایک ڈرون کو روک کر تباہ کیا گیا۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب  نے  بدھ کے روز مملکت میں ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کے نئے حملے ناکام بنا دیے۔ حملوں میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
 وزار ت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ’ بدھ کی شام ریاض کی جانب داغے گئے 8 بیلسٹک میزائلوں کو دارالحکومت کے مختلف حصوں اور شہر کے جنوب میں ایک ریفائنری کے  قریب گرنے سے روک کر تباہ کر دیا گیا۔‘
ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے کہا ’انٹرسیپٹ کیے جانے والے میزائلوں کا ملبہ مختلف علاقوں میں گرا۔‘
اس سے قبل ترجمان نے کہا تھا کہ ’فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ریاض کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک کے خطرے سے نمٹ رہے ہیں۔‘
الشرقیہ ریجن میں گیس تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، کئی ڈرون کو مار گرایا گیا۔ 
 ترجمان نے بتایا بدھ کی دوپہر’ریاض میں سفارتی کوارٹر کے قریب ایک ڈرون کو روک کر تباہ کیا گیا۔‘
 الخرج کمشنری میں ایک بیلسٹک میزائل کو مار گرایا گیا، ملبہ گرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ پرنس سلطان ایئر بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
الشرقیہ ریجن میں دو بیلسٹک میزائلوں کوروک کر تباہ کیا گیا جبکہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسی علاقے میں 9 ڈرونز مار گرائے گئے۔
قبل ازیں سعودی وزارتِ دفاع نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کے آغاز سے اب تک سعودی عرب نے 438 ڈرون اور 36 بیلسٹک اور کروز میزائل تباہ کر دیے۔

مختلف حملوں کی لہر کے دوران یہ دفاعی کارروائیاں کی گئیں جنہوں نے سعودی فضائی دفاع کو تقریباً تین ہفتوں تک مسلسل چوکس رکھا۔
278 کے قریب ڈرون مشرقی صوبے کی جانب بھیجے گئے جہاں تیل کی بہت سی ریفائنریز ہیں اور اس کے بعد ربع الخالی میں واقع بڑی شیبہ آئل فیلڈ ہے۔
زیادہ تر میزائل الخرج کی طرف بھیجے گئے جو ریاض کے جنوب مشرق میں 80 کلومیٹر پر واقع ہے، جہاں پرنس سلطان ایئر بیس ہے۔
خلیج کے دیگر ممالک پر بھی ایران نے سینکڑوں میزائل داغے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے 165 سے زائد بیلسٹک میزائل اور541 سے زائد ڈرون مار گرائے۔
کویت کی جانب 97 میزائل اور 283 ڈرون داغے گئے جبکہ قطر اور بحرین بھی بار بار حملوں کی زد میں آئے۔

 

شیئر: