عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ کا اجلاس، اسحاق ڈار سمیت متعدد وزرا ریاض پہنچ گئے
خطے کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام کا جائزہ لیا جائے گا( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب میں عرب اور اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے بدھ کو متعدد وزرائے خارجہ ریاض پہنچ گئے۔
مشاورتی اجلاس میں خطے کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی دارالحکومت پہنچ گئے، سعودی وزارت خارجہ کے حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اسحاق ڈار اجلاس میں خطے کے تمام برادر ممالک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سیاسی آزادی کی مکمل حمایت کا اظہار کریں گے اور ان کی سرزمین پر تمام حملے بند کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
وہ پاکستان کی جانب سے جاری تنازعات کے فوری خاتمے کے مطالبے کا اعادہ کریں گے، مذاکرات اور سفارت کاری دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔
ایس پی اے کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، اردن کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ ایمن الصفدی، آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بیرا موف، شام کے وزیر خارجہ اسعد شیبانی، کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔ سعودی نائب وزیرخارجہ اور وزارت کے دیگر حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق ’اجلاس کا مقصد خطے کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے مزید مشاورت اور ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔‘
28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تھا جو خطے میں بحران باعث بنا، جس کے بعد تہران نے خلیجی ملکوں، اسرائیل اور امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کی وسیع مہم شروع کر رکھی ہے۔
