قطر میں ایرانی حملے سے گیس پلانٹ میں آگ، ’بڑے پیمانے پر نقصان‘ پہنچا
بیان میں کہا گیا ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔( فائل فوٹو: روئٹرز)
قطر کی سرکاری انرجی کمپنی نے کہا ہے کہ’ بدھ کو راس لافان انڈسٹریل سٹی پر ایرانی حملوں سے گیس پلانٹ میں لگنے والی آگ نے ’بڑے پیمانے پر نقصان‘ ہوا ہے۔‘
یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب ایران نے خطے میں گیس اور تیل تنصیبات ہر حملوں کی دھمکی دی اور کہا تھا کہ وہ اپنی ساوتھ پارس گیس فیلڈ پر اسرائیلی اور امریکی حملے کا جواب دے گا۔
قطر انرجی نے بیان میں تصدیق کی کہ ’راس لافان انڈسٹریل سٹی کو بدھ کی شام میزائل حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کو فوری طور پر تعینات کردیا گیا۔‘
عرب نیوز کے مطابق بیان میں کہا گیا’ ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔‘
قطری وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’راس لافان انڈسٹریل سٹی پر میزائل حملے میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔‘
یاد رہے راس لافان انڈسٹریل سٹی میں قطر کے شمالی ساحل کا سب سے بڑا گیس کا پلانٹ واقع ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے راس لافان انڈسٹریل سٹی پر ایرانی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت نے بیان میں کہا ’وہ اس حملے کو اپنی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی اور قومی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ سمجھتا ہے۔‘
