Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا: نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کل

 اسلام آباد.... خیبر پختون خوا کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے 4 نام الیکشن کمیشن کو بھیج دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کے پی کے میں نگراں وزیر اعلیٰ کے طور پر اس سے قبل منظور آفریدی کا نام منظور کیا گیا تھا تاہم حزب اختلاف کی مخالفت اور تنقید کے باعث پی ٹی آئی کی قیادت نے منظور آفریدی کا نام واپس لے لیا تھا، جس کے بعد تاحال اپوزیشن اور حکومت کے درمیان کسی نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ واضح رہے کہ صوبے میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے پارلیمانی کمیٹی بھی کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے میں ناکام ہو گئی تھی جس کے بعد یہ معاملہ اب الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن کمیشن کو ایک مراسلہ روانہ کیا ہے جس میں صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے 4 نام تجویز کیے گئے ہیں جن میں حکومت کی جانب سے حمایت اللہ خان اور اعجاز قریشی جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے منظور آفریدی اور جسٹس (ریٹائرڈ) دوست محمد کا نام شامل ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی ہے جس کے بعد منگل تک نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان ہو جائے گا۔ 
 

شیئر: