کون اِن کون آؤٹ؟ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان
اتوار 25 جنوری 2026 10:21
ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کھیلے گی (فوٹو: آئی پی ایل ڈاٹ کام)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کے کپتان سلمان علی آغا ہوں گے۔
اتوار کو بورڈ کی ویب سائٹ پر دی گئی رپورٹ میں دیگر کھلاڑیوں کے نام بھی شامل ہیں۔
بیان کے مطابق فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق، ابرار احمد، بابراعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
ایونٹ کے تحت میچز سات فروری سے شروع ہو کر آٹھ مارچ تک جاری رہیں گے اور پاکستان اپنا پہلا میچ سات فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔
اس سے قبل پاکستان آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز بھی کھیلے گا، جس کو ورلڈ کی تیاری کے تناظر میں ہی دیکھا جا رہا ہے۔
23 جنوری کو آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا جس میں شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی واپسی ہوئی ہے۔
دونوں کھلاڑی رواں ماہ سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں شامل نہیں تھے۔
شاداب خان سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز میں واپسی کے بعد اپنی فارم کو مزید بہتر بنانے کے لیے سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

آسٹریلوی ٹیم بدھ 28 جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔ یہ پاکستان میں آسٹریلیا کی دوسری ٹی20 سیریز ہو گی، اس سے قبل اپریل 2022 میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں واحد ٹی20 میچ کھیلا گیا تھا۔
سیریز کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹی20 جمعرات، 29 جنوری، دوسرا ٹی20 سنیچر 31 جنوری جبکہ تیسرا میچ اتوار یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
