Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن پاکستان میں کرانے پر غور

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن مکمل طور پر ملک میں کروانے پر غور شروع کردیا ہے،اس حوالے سے حتمی فیصلہ 12جون کو پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے مابین میٹنگ میں کیا جائے گا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام کے مطابق بورڈ پہلے ہی اپنا ذہن بنا چکا ہے کہ پی ایس ایل4مکمل طور پر پاکستان میں کروانا ہی زیادہ بہترآپشن ہوگا کیونکہ متحدہ عر ب امارت میں اس سال کے آخرمیں کئی ٹی ٹوئنٹی لیگزاور ٹی 10ٹورنامنٹ کھیلاجائے گا تاہم کسی بھی حتمی فیصلے تک پہنچنے سے قبل پی سی بی تمام فرنچائز مالکان کو اس حوالے سے اعتماد میں لے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایمریٹس کرکٹ بور ڈ کے مابین گزشتہ چند ماہ کے دوران تعلقات کافی خراب ہوئے ہیں اور دونوں جانب سے کافی سخت بیانات دیکھنے میں آئے ہیں۔چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپریل میں اماراتی کرکٹ بور ڈ کو خبر دار کیا تھا کہ اگر اس نے اکتوبر سے مارچ کے دوران کو ئی اور لیگ اپنے گراونڈز پر کروائی توپاکستان کرکٹ بورڈ اپنے نیوٹرل وینیو کو یو اے ای سے ملائیشیا منتقل کردے گا۔نجم سیٹھی کی اس وارننگ کا اماراتی کرکٹ بورڈ پر کوئی خاص اثر نہیں ہوا جس نے اب دسمبر اور جنوری میں اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ کروانے کا اعلان کردیا ہے جبکہ دوسر ی جانب افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھی اکتوبر میں اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ متحدہ عرب امارت کے میدانوں میں کروانے کا اعلان کررکھا ہے اور دوسری طرف نومبر میں اماراتی گراونڈز ٹی 10 لیگز کی میزبانی کریں گے۔

شیئر: