Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طیارہ حادثے سے نجات پانے والے واحد سوڈانی کا خواب سلطان بن سلمان نے پورا کردیا

جدہ ..... شہزادہ سلطان بن سلمان نے طیارہ حادثے سے نجات پانے والے واحد سوڈانی محمد الفاتح محمد عثمان کا عمرہ کی ادائیگی کا خواب شرمندہ تعبیر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد عثمان کا کہناہے کہ اب میری عمر 16برس ہے۔ سوڈانی طیارے کاحادثہ جس وقت پیش آیا تھا اس وقت میری عمر ایک برس 7ماہ تھی۔ سوڈان سمیت تمام عرب اخبارات نے اس کی رپورٹنگ کرتے ہوئے اطلاع دی تھی کہ ایک بچے سمیت تمام مسافر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اس پر 116سوڈانی عہدیدار ، عام شہری اور غیر ملکی سوار تھے۔ وہ شیر خوار سوڈانی میں ہی تھا۔ دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ نے بھی اس حادثے کی کوریج بڑے پیمانے پر کی تھی۔ طیارہ پورٹ سوڈان کے ہوائی اڈے سے روانہ ہوکر خرطوم جارہا تھا۔ایک چٹان سے ٹکرانے پر طیارے کے پرخچے اڑ گئے تھے۔ ذرائع ابلاغ نے اس وقت یہ اطلاع بھی دی تھی کہ ایک بادیہ نشین کو ایک درخت پر ایک بچہ گریہ کرتے ہوئے نظر آیا تھا جبکہ اس کے اطراف لاشوں کے ٹکڑے اور سوختہ لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔ محمد کا کہناہے کہ میری عمر اس وقت کم تھی کہ مجھے نہ حادثے کا علم او رنہ ہی اس کی تفصیلات کا پتہ ہے۔ میرے چہرے ، بائیں ہاتھ اور دائیں پنڈلی میں شدید زخم آئے تھے۔ اب میں مصنوعی ٹانگ کے سہارے اپنی زندگی گزار رہا ہوں۔ شیخ زاید رحمتہ اللہ علیہ اور مصر کے سرمایہ کار نجیب ساویرس نے برطانیہ میں میرا علاج کرایا اور اب میں قاہرہ میں زیر تعلیم ہوں۔ شہزادہ سلطان بن سلمان کی عنایت سے میں عمرے کا وہ خواب شرمندہ تعبیر کرپا رہا ہوں جو بچپن سے دیکھتا آرہا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سعودی عرب، اسکی قیادت اور اسکے عوام کو ہر شر اور بلا سے اپنی حفاظت میں رکھے۔

شیئر: