الجوف زیتون میلہ کامیاب، وزیٹرر کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی
الجوف زیتون میلہ کامیاب، وزیٹرر کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی
جمعہ 16 جنوری 2026 20:59
گرین گولڈ فیسٹیول میں 7 ممالک کی بڑی کمپنیوں نے شرکت کی (فوٹو، ایس پی اے)
الجوف انٹرنیشنل زیتون فیسٹیول 2026 کے 19ویں ایڈیشن میں گزشتہ 8 دنوں میں وزیٹرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ میلے میں مقامی اور عالمی کمپنیوں کی جانب سے 70 سے زائد پویلین اور سٹالز لگائے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق میلے کے سی ای او عمربن عبدالعزیز الحموان نے بتایا کہ رواں برس کا ایڈیشن غیرمعمولی طور پر کامیاب رہا۔
میلے میں سات ممالک کی معروف کمپنیوں کی جانب سے بھرپور شرکت کی گئی جس کا مقصد زیوتن (گرین گولڈ‘ اور اس کی مصنوعات میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔
سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ میلے میں شریک ہونے والے زیتون کے کاشت کاروں کو اہم معلومات ہی نہیں ملی بلکہ انہیں عالمی سطح پر بھی اپنا تعارف پیش کرنے کا موقع میسر آیا۔
میلے میں علاقائی دستکاری کی نمائش بھی کی گئی(فوٹو، ایس پی اے)
زیتون میلہ جو کل بروز سنیچر اختتام پذیر ہو رہا ہے، کے حوالے سے کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ میلے کے پروگرام شاندار رہے جبکہ مختلف ممالک سے آنے والوں کے ساتھ مفید معلومات کا تبادلہ بھی ہوا۔
واضح رہے الجوف انٹرنیشنل زیتون میلے میں انواع و اقسام کے زیتون ان کی کاشت کے طریقے اور مصنوعات کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی گئیں۔ میلے میں آنے والے زائرین کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔
وزیٹرز کے لیے فوڈ ٹرکس اور پکوانوں کے سٹالز بھی لگائے گئے (فوٹو: ایس پی اے)
میلے میں وزیٹرز کی دلچسپی کے لیے مقامی دستکاری کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے جہاں اون سے دھاگہ بنانے اور ملبوسات کی تیاری کے مراحل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
زیتون میلے میں فوڈ ٹرکس اور انواع و اقسام کے مقامی و عالمی پکوانوں کے سٹالز بھی وزیٹرز کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔