5 ماہ کے دوران 4537  غیرملکی انجینیئرز کی جگہ 6300  سعودی تعینات
        
        
                        
            
			
	
	       
	
				
            
                ریاض۔۔۔ سال رواں 2018 ء  کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران  سعودی انجینیئرنگ کونسل کے  ریکارڈ میں  4537   غیر ملکی  انجینیئرز  رخصت ہوگئے  جبکہ  مبینہ مدت کے دوران  کونسل کے ریکارڈ پر  6300 سعودی انجینیئرز  کا اندراج  ہوا۔  الاقتصادیہ  کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  2018ء کے  شروع سے لے کر تاحال  مملکت میں  2 لاکھ انجینیئرز  ریکارڈ پر آئے ہیں یہ  2942 انجینیئرنگ کی کنسلٹینسیوں اور ان کی رجسٹرڈ شاخوں سے منسلک ہوئے ہیں۔  غیر ملکی انجینیئرز  کی تعداد میں 3.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انجینیئر نگ کونسل کے ریکارڈ کے مطابق  سعودی عرب کے نجی  اداروں اور کمپنیوں میں اب بھی  غیر ملکی  انجینیئرز کا تناسب 81.2 فیصد ہے۔  سعودی عرب میں غیر ملکی انجینیئرز کی تعداد 168266 ہے ۔ سعودی انجینیئرنگ کونسل نے  واضح کیا ہے کہ وہ  نجی اداروں و کمپنیوں  میں  سعودی انجینیئرز کی تقرری کیلئے مختلف اقدامات کرے گی۔ اس ضمن میں یہ بھی کیاگیا ہے کہ  انجینیئرنگ کے سعودی طلبہ کو  روزگار کے طریقے  سمجھانے کیلئے  نجی اداروں میں تربیت کے مواقع  مہیا کئے جائیں گے۔