Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسٹاک مارکیٹ کی سرگرمیوں میں تیزی، پرائس انڈیکس میں 107.79پوائنٹس کا اضافہ

کاروباری مالیت 14ارب ریال تک پہنچ گئی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 21.9ارب ریال کا اضافہ
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد 72.76ڈالر فی بیرل کی طرف جاتے ہوئے دیکھی گئی جبکہ سونے کی قیمت تنزلی کے بعد 1252ڈالر فی اونس تک گر گئی۔ دوسری طرف عید کی چھٹیوں کے بعد اسٹاک مارکیٹ کی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی گئی اور آل تداول شیئر انڈیکس 107.79 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 8314.19پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔کاروباری مالیت 14ارب ریال تک پہنچ گئی۔ قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی مد میں 21.9ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ ہیوی ویٹ سابک کی قیمت 0.16فیصد اضافے کے بعد 126.20ریال پر مستحکم رہی جبکہ الراجحی بینک کی قیمت 0.28 فیصد اضافے کے بعد 86.30ریال تک پہنچ گئی۔ قیمتوں کے لحاظ سے انفرادی کمپنیو ںمیں سب سے زیادہ فائدہ عنایہ انشورنس کو ہواجبکہ دوسرے نمبر پر امانہ انشورنس رہی۔ سرمایہ داروں کو ہوشیار رہنا چاہئے کیونکہ سعودی اسٹاک مارکیٹ نے عنایہ انشورنس کو ان کمپنیوں کی لسٹ میں شامل نہیں کیا ہوا ہے جن کا مجموعی نقصان اپنے سرمائے سے 50فیصد سے زیادہ تجاوز کر گیا ہے اور امانہ انشورنس ان کمپنیوں کی لسٹ میں شامل ہے جن کا مجموعی نقصان اپنے کل سرمائے کے 20سے 35فیصد کے درمیان ہے۔ دوسری طرف قیمتوں میں نقصان کے لحاظ سے دالارکان سرفہرست رہا۔ جبکہ نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر سعودی الیکٹریسٹی رہی۔ الحکیر نے اپنے سالانہ مالیاتی نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق ان کو سال اختتامیہ 31مارچ 2018ءکے منافع میں 75.67فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ انکی آمدنی فی شیئر 2.03ریال سے گر کر 0.49ریال پر آگئی مگر پھر بھی اس کی قیمت 0.35فیصد اضافے کے بعد 23ریال پر بند ہوئی۔
 

شیئر: