Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون کو ولی امر کی اجازت کے بغیرسفر کی سہولت فراہم کی جائے، رکن شوریٰ

ریاض....سعودی خاتون رکن شوری اقبال دندری نے سعودی خاتون کو ولی امر کی اجازت کے بغیر سفر کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ تجویز مجلس شوری میں پیش کی ہے جس پر آئندہ دنوں غور کیا جائے گا۔ خاتون رکن شوری نے یہ مطالبہ وزارت داخلہ سے بھی کیا ہے کہ بالغ خاتون کو سفر کے لئے ولی امر کی اجازت کی ضرورت نہیں۔ وزارت داخلہ دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے خواتین کو سفر کی سہولت فراہم کریں۔ دوسری طرف مجلس شوری میں سیکیورٹی کمیٹی نے رکن شوری کی تجویز پر کہا ہے کہ اس فیصلے کا تعلق وزارت داخلہ سے نہیں بلکہ متعدد وزارتیں اس میں شامل ہیں۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ اس سے قبل شاہی فرمان جاری ہوا تھا جس میں تمام سرکاری اداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ خواتین کو خدمات فراہم کرنے سے پہلے ولی امر سے اجازت نامہ طلب کرنے کی ضرورت نہیں۔ تمام ادارے بلا استثنی خواتین کو خدمات فراہم کرسکتے ہیں۔ وزارت داخلہ سمیت دیگر ادارے سعودی خاتون کو دیگر مختلف سہولتوں کے ساتھ پاسپورٹ جاری کرنے کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں۔ اس سے ولی امر کی اجازت طلب نہیں کی جاتی۔ دریں اثناءسعودی خاتون رکن شوری اقبال دندری نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی تجویز باقاعدہ طور پر مجلس شوری میں جمع کروائی ہے جس پر آئندہ دنوں غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی تجویز جن بنیادوں پر پیش کی ہے ان میں سے پہلی بنیاد یہ ہے کہ شریعت اسلامی نے مرد وخواتین کو برابر کے حقوق دیئے ہیں۔خاتون اسلام کی نظر میں ذمہ دار ہستی ہے ۔ وہ اپنے معاملات خود دیکھ سکتی ہے۔اسے سفر کے لئے ولی امر کی اجازت کا پابند بنانا مساوات اور حقوق کے منافی ہے۔سعودی قوانین میں واضح ہے کہ جس شہری کے پاس پاسپورٹ ہے اسے سفر سے نہیں روکا جاسکتا سوائے اس کے کہ عدالت اسے سفر سے منع کرے۔ 
 

شیئر: