Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نون لیگ کے ایگزیٹو ممبران کی پریس کانفرنس

مسلم لیگ ن کو اوچھے ہتھکنڈوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا ، مقررین

ذکاء اللہ محسن- - - ریاض

مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے ایگزیکٹو ممبران کی جانب سے پریس کانفرنس کا اہتمام کیاگیا جس میں نیب کورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ کیس میں نوازشریف ،ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو سزا دینے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے سرپرست اعلیٰ چوہدری عبدالمجید گجر کا کہنا تھا کہ6 جولائی کا دن سیاسی تاریخی کا ہی نہیں انصاف کا بھی سیاسی دن ہے کیونکہ ایون فیلڈ کیس میں جب نیب کچھ ثابت ہی نہیں کر سکی تو پھر سزا کیونکر دی گئی ؟ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ کرپشن یا منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سزا سنا کر نہ صرف عدالت نے جانبداری کا ثبوت دیا ہے بلکہ انصاف کا قتل بھی کیا۔پوری قوم کو مایوسی ہوئی ہے۔ گزشتہ کئی عرصے سے پانامہ کے ایشو کو لیکر نیب اور جے آئی ٹی کے ارکان کی جانب سے انویسٹی گیشن کی جاتی رہی ہے اور دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف ثبوت مل چکے ہیں مگر عدالت خود گواہی دے رہی ہے کہ ایسا کوئی ثبوت عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔پی ٹی آئی کیلئے راستہ صاف کرنے اور اس کو کھل کر کھیلنے کیلئے میدان صاف کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔
    پریس کانفرنس کرتے ہوئے دیگر ایگزیکٹو ممبران محمود ڈوگر، ملک محمود، راجہ یعقوب، ملک عصمت، امتیاز احمد، سردار محمد نواز، رانا شبیراحمد اور سردار شعیب کا کہنا تھا کہ 6جولائی کا دن انصاف کے قتل کا دن ہے اس لئے اسے ہر سال یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا۔ جس طرح الیکشن میں صرف ایک پارٹی کو فاہدہ پہنچایا جا رہا ہے، اس سے الیکشن نہیں سلیکشن ہو رہی ہے۔مسلم لیگ ن کو اوچھے ہتھکنڈوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اسے ہرایا جا سکتا ہے۔پاکستانی قوم اور مسلم لیگی ورکرز اپنے قائد پر فخر کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ ہمیشہ نوازشریف کے وژن کو آگے بڑھائیں گے اور ان کے سپاہی رہیں گے۔
مزید پڑھیں:- - - -تمام کرپٹ عناصر کے خلاف بھی فیصلہ ہونا چاہئے،پاکستانی کمیونٹی

شیئر: