Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ سٹیبلائزیشن فورس کے لیے فوج بھیجنے کی پیشکش پر پاکستان کے شکرگزار ہیں: امریکہ

امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ غزہ میں ’اںٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس‘ کے لیے اپنی فوج بھیجنے کی پیشکش پر ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں۔
مارکو روبیو نے جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’اس (انٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس) کا حصہ بننے کی پیشکش یا کم از کم اس کا حصہ بننے پر غور کے لیے پاکستان کے بہت ممنون ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس فورس کے مینڈیٹ، کمانڈ اور فنڈنگ سے جڑے پہلوؤں پر ابھی بحث جاری ہے۔ پاکستان اس معاملے میں ایک اہم ملک ہے، اگر وہ اس پر متفق ہو جاتے ہیں۔‘
’اگلا قدم بورڈ آف پیس اور فلسطینی ٹیکنو کریٹ گروپ کا قیام ہے جو (وہاں) معمول کی گورننس کے معاملات دیکھے گا۔‘
امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’جب یہ معاملہ طے پا جائے گا تو اس کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ اس سے ہمیں سٹیبلائزیشن فورس کو مضبوط کرنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ کے تازہ ترین بیان پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
اس سے قبل 30 نومبر کو پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ’پاکستان غزہ امن فورس میں شامل ہونے کو تیار ہے تاہم فلسطینی گروپ حماس کو غیرمسلح کرنے میں کوئی کردار ادا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔‘
واضح رہے کہ انٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس (آئی ایس ایف) میں مسلم ممالک کی فوجی اہلکار شامل ہوں گے اور یہ امریکی صدر ٹرمپ کے اس غزہ منصوبے کا حصہ ہے جس کا اعلان انہوں نے 29 ستمبر کو کیا تھا۔
اس کے بعد جمعرات 18 دسمبر کو پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا تھا کہ پاکستان نے اس فورس کے لیے اپنی فوج بھیجنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے نومبر 2025 میں اس امریکی منصوبے کی منظوری دی تھی جس میں ایسی عبوری اتھارٹی کا مطالبہ کیا گیا تھا جو علاقے کی نگرانی، سکیورٹی اور اس کو غیرفوجی بنانے کے لیے اقدامات کا اختیار رکھے اور صدر ٹرمپ اس کے سربراہ ہوں گے۔
پاکستان نے سلامتی کونسل میں پیش ہونے والی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا اور اقوام متحدہ کے اس کے نمائندے نے علاقے سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کرنے کے علاوہ فلسطین کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا تھا۔

شیئر: