سرکاری ا سکیم کے 5454 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے
اسلام آباد..... فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرکاری اسکیم کے 5454 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے ۔ براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین 8 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق حج فلائٹ آپریشن میں قومی ایئر لائن پی آئی اے، سعودی ایئر لائن اور ایئر بلیو حصہ لے رہی ہیں۔ ملک کے 9 شہروں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، سکھر، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور رحیم یار خان سے عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لئے فلائیٹ آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک حجاز مقدس روانہ ہونے والی بعض پروازوں کو براہ راست جدہ روانہ کیا گیا ہے جہاں سے عازمین عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ روانہ کر دیئے جائیں گے۔ مدینہ منورہ میں عازمین کو قیام و طعام کے لئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں جس کے تحت ان کو مرکزیہ میں تھری، فور اور فائیو ا سٹار ہوٹلوں میں ٹھہرایا جا رہا ہے جن میں 13 کیٹرنگ کمپنیوں کے ذریعے تین وقت کا اعلیٰ معیار کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں مدینہ منورہ میں عازمین کو جنت البقیع، مسجد قبائ، مسجد قبلتین، مسجد جمعہ اور شہدائے احد کی زیارات بھی کرائی جا رہی ہیں۔ مدینہ منورہ میں عازمین حج کی خدمت کے لئے سیزنل ا سٹاف پر مشتمل 61 افسران اور دیگر عملہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ مقامی راستوں اور زبان سے واقفیت رکھنے والے 150 سے مقامی پاکستانی معاونین بھی مختلف شعبوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔