Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ ٹیم کو نمبر ون بنانے کا عزم

 
اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فاسٹ بولر عمر گل اور سابق کپتان وقار یونس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی۔ کرکٹربنی گالا پہنچے تو جہانگیر ترین نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو کرکٹ میں نمبر ون ٹیم بنائیں گے اور کھلاڑیوں کیلئے بہترین مواقع اور زیادہ میدان فراہم کریں گے۔ عمر گل نے کہا کہ آپ ہمارے ہیرو ہیں جبکہ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل تابناک دکھائی دیتا ہے۔گزشتہ حکومت نے نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری سونپی تھی ان کے عہدے کی میعاد اگست 2020 ءتک ہے۔ واضی رہے کہ گزشتہ برسوں میں پی سی بی کے بیشتر چیئرمین سیاسی تبدیلی کے نتیجے میں تبدیل ہوئے ۔نواز شریف کے سابقہ دور میں سینیٹر سیف الرحمٰن کے بھائی مجیب الرحمٰن کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا سربراہ بنایا گیا تھا لیکن جب جنرل پرویز مشرف نے اقتدار سنبھالا تو انہوں نے منگلا کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل توقیر ضیاء کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا۔ان کے بعد ڈاکٹر نسیم اشرف پی سی بی کے چیئرمین بنے، وہ بھی جنرل پرویز مشرف کے قریبی ساتھی تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو اعجاز بٹ کو صرف اس وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نہیں بنایا گیا کہ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر تھے بلکہ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ وہ پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری احمد مختار کے برادر نسبتی تھے۔اعجاز بٹ کے بعد قرعہ فال آصف زرداری کے قریبی ساتھی چوہدری ذکاء اشرف کے نام نکلا ۔ وہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن بھی تھے۔ ذکاء اشرف نے اپنی برطرفی کو عدالت میں چیلنج کیا لیکن اس تمام صورتحال کا ڈراپ سین یہ ہوا کہ شہریارخان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب ہوئے اور نجم سیٹھی نے ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔ شہریارخان مدت پوری کرکے رخصت ہوئے تو نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب ہو گئے ۔ نجم سیٹھی نئی سیاسی تبدیلی کے باوجود کام کررہے ہیں اور کرکٹ بورڈ چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
 

شیئر: