Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: واپس منگوائے گئے 1 کروڑ 90 لاکھ انڈے ’خطرناک‘ کیوں قرار دیے گئے؟

یہ انڈے ٹیکساس، اوکلاہوما، آرکنساس، لوزیانا، نیو میکسیکو اور مسیسیپی میں دُکانوں اور صارفین کو فراہم کیے گئے تھے (فائل فوٹو: اَن سپلیش)
امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ ’رضاکارانہ طور پر واپس منگوائے گئے قریباً 1 کروڑ 90 لاکھ انڈوں سے انسانی صحت کے لیے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ اس سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مڈویسٹ پولٹری سروسز نے ممکنہ طور پر سالمونیلا انٹرٹائیڈس سے آلودگی کے خدشے کے باعث 22 جولائی کو یہ انڈے رضاکارانہ طور پر واپس منگوانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بیکٹیریا بعض اوقات جان لیوا انفیکشن کا سبب بھی بن سکتا ہے، خاص طور پر چھوٹے بچوں، بزرگ افراد اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
بدھ کو ایف ڈی اے نے ان انڈوں کی واپسی کو کلاس 1 قرار دیا۔ اس کا مطلب ہے کہ ایسی صورت حال جس میں کسی آلودہ یا خلاف ورزی کرنے والی مصنوعات کے استعمال یا اس کے سامنے آنے سے سنگین طبی نتائج یا موت کا خدشہ موجود ہو۔
یہ انڈے 6 جون سے 3 جولائی کے درمیان ٹیکساس میں تیار کیے گئے تھے، جبکہ ان پر 20 جولائی سے 17 اگست 2026 تک کی Sell By یا Best By تاریخیں درج تھیں۔
یہ انڈے ٹیکساس، اوکلاہوما، آرکنساس، لوزیانا، نیو میکسیکو اور مسیسیپی میں دُکانوں اور صارفین کو فراہم کیے گئے تھے۔
مجموعی طور پر 15 لاکھ 89 ہزار 577 درجن انڈے اس واپسی میں شامل ہیں۔ ان میں سفید چھلکے والے انڈوں کے ساتھ ساتھ بھورے، پنجرے سے آزاد مرغیوں کے انڈے بھی شامل ہیں، جو مختلف برینڈز کے نام سے فروخت کیے گئے تھے۔
کمپنی نے کہا کہ اس نے ٹیکساس میں اپنے دو فارموں پر ماحولیاتی نگرانی اور اندرونی تحقیقات کے ذریعے مسئلے کی نشان دہی کی۔ کمپنی نے سالمونیلا کے ممکنہ ذرائع کا پتا لگانے کے لیے اپنی ٹیسٹنگ بھی شروع کی۔
کمپنی نے اپنے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ’وہ یہ انڈے استعمال نہ کریں۔ انہیں یا تو پھینک دیں یا پھر اپنے پیسے واپس لینے کے لیے دکان دار کو واپس کر دیں۔‘

 کچے یا کم پکے انڈے، کچا یا کم پکا گوشت، آلودہ دودھ یا دیگر غذائیں سالمونیلا کا سبب ہو سکتی ہیں (فائل فوٹو: پِکسابے)

اس حوالے سے کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ’اسے تاحال اپنی مصنوعات سے منسلک کسی مخصوص بیماری کے بارے میں علم نہیں ہے۔‘
سالمونیلا کیا ہے؟
سالمونیلا (Salmonella) ایک قسم کا جرثومہ (بیکٹیریا) ہے جو انسانوں میں بیماری پیدا کر سکتا ہے۔ یہ عام طور پر آلودہ پانی یا آلودہ خوارک کے ذریعے انسان کے جسم میں داخل ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’کچے یا کم پکے انڈے، کچا یا کم پکا گوشت، آلودہ دودھ یا دیگر غذائیں اس کا سبب ہو سکتی ہیں۔‘
سالمونیلا کی عام علامات
دست
پیٹ میں درد یا مروڑ
بخار
متلی اور قے
عام طور پر صحت مند افراد کچھ دنوں میں ٹھیک ہو جاتے ہیں، لیکن چھوٹے بچوں، بزرگوں اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد میں یہ انفیکشن زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔
آسان الفاظ میں سالمونیلا ایک ایسا بیکٹیریا ہے جو آلودہ کھانا کھانے سے پیٹ اور آنتوں کا انفیکشن پیدا کر سکتا ہے۔

شیئر: