Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویانا: خواتین سے فیس، مردوں کو چھوٹ، ٹوائلٹ پر ’امتیازی سلوک‘ پر خاتون عدالت پہنچ گئیں

ویانا کی حکمرانی کے لیے قائم اتحاد پبلک ٹوائلٹس کی تعداد بڑھانے اور ان کو مفت کرنے پر غور کر رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کی ایک خاتون نے پبلک ٹوائلٹس کے استعمال میں امتیازی سلوک کے الزام پر شہری انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
ان کا مؤقف ہے کہ خواتین کو ٹوائلٹ کے کیبن استعمال کرنے کے لیے فیس ادا کرنا پڑتی ہے، جبکہ مرد پیشاب کرنے کے لیے مفت یورینل استعمال کر سکتے ہیں۔
27 سالہ میلانی گراڈک نے ویانا کے آگارٹن پارک میں اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں ایک دوست کے ساتھ پارک میں تھی اور ہم دونوں کو ٹوائلٹ جانے کی ضرورت تھی۔ وہ مفت میں جا سکتا تھا، لیکن مجھے 50 سینٹ ادا کرنا پڑے۔ میں نے سوچا: ایسا کیسے ممکن ہے؟‘
انہوں نے شہری انتظامیہ کے خلاف قانونی شکایت دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پبلک ٹوائلٹ کے استعمال کے لیے صرف خواتین سے فیس وصول کرنا شہر کے امتیازی سلوک کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
’صنفی مساوات کے لیے سنگین خطرات‘
ویانا میں اس وقت عوامی انتظام کے تحت 168 ٹوائلٹ موجود ہیں، جن میں سے 29 ٹوائلٹس میں فیس اس لیے لی جاتی ہے کیونکہ وہاں ٹوائلٹ کی نگرانی کے لیے ملازم تعینات ہیں۔
شہری انتظامیہ کی ترجمان سینڈرا ہولزنگر نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ان 29 ٹوائلٹس میں تمام جنسوں کے شہریوں کو کیبن استعمال کرنے کے لیے 50 سینٹ فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ یورینل بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ ’عوامی مقامات پر پیشاب کرنے سے پیدا ہونے والی گندگی‘ کو روکا جا سکے۔
تاہم یونیورسٹی آف انسبرک کی قانون کی پروفیسر اینا گیمپر کے مطابق اس نظام سے مساوات کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا ہوتے ہیں۔
سب کے لیے مفت
پروفیسر اینا گیمپر کے خیال میں خواتین کو اپنی جسمانی ساخت یا مثال کے طور پر اس وجہ سے مالی طور پر نقصان نہیں اٹھانا چاہیے کہ انہیں حفاظتی وجوہات کی بنا پر کیبن استعمال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ویانا کی حکمرانی کے لیے سوشل ڈیموکریٹس اور لبرلز کے درمیان طے پانے والے اتحادی معاہدے میں پبلک ٹوائلٹس کی تعداد بڑھانے اور اس بات کا جائزہ لینے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے کہ آیا انہیں سب کے لیے مفت کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
آگارٹن پارک میں سال 2025 میں بنائے گئے نئے پبلک ٹوائلٹ مستقبل کے لیے ایک ممکنہ نمونہ پیش کرتے ہیں۔

شیئر: