Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

30 سال فوج میں خدمات انجام دینے والے محمد حق کا نام بھی این آر سی سے غائب!

نئی دہلی۔۔۔۔۔نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی ) میں آسام کے 40 لاکھ لوگوں کو غیر قانونی قراردیئے جانے کا مسئلہ طول پکڑتا جارہا ہے۔ ایسے لوگ بھی سامنے آ رہے ہیں جو سالہا سال سے ملک کی خدمت کرتے رہے ہیں، لیکن ان لوگوں کے نام بھی این آر سی کی فہرست سے غائب ہیں۔ آسام کے محمد حق کا کہنا ہے کہ انہوں نے 30 سال تک ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دیں لیکن قومی شہری رجسٹر  میں ان کا نام شامل نہیں کیا گیا ۔محمد حق نے بتایا کہ میں نے پورے عزم و حوصلے  کے ساتھ ملک کی خدمات انجام دیں۔ میرے پاس والدین کی وراثت کا ریکارڈ ہے۔ جانچ غیرجانبداراہونی چاہئے۔واضح رہے کہ این آر سی مسودہ 30 جولائی کو جاری کیا گیا تھا جس میں آسام میں آباد40لاکھ افراد کے نام شامل نہیں کئے گئے۔ ہندوستانی شہریت کےٹھوس ثبوت پیش نہ کرنے کی وجہ سے زیادہ تر نام فہرست  میں شامل نہیں کئے گئے۔ اس معاملہ میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےبی جے پی حکومت پرسخت تنقید کی۔ بنرجی نے یوپی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی اور کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت کئی رہنماؤں سے ملاقات کی اور این آر سی کے حوالہ سے بی جے پی کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ لوگ آگ سے کھیل رہے ہیں اور جن کے نام این آر سی میں شامل نہیں ان کے خلاف نفرت آمیز الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے 40 لاکھ ووٹروں کی قسمت کے بارے میں بات کی جنہیں یہاں سے بھیجنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ یہ لوگ بہار، بنگال، گجرات، راجستھان، اتر پردیش اور تمل ناڈو سے آئے ہوئے ہیں۔بی جے پی امن و امان تہ بالا کرنے کے درپے ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -’’پارٹنر پکڑنگ ‘‘ایپ کی مقبولیت

شیئر: