کلیجا فیسٹیول میں کھانے پکانے کا لائیو مظاہرہ، غیرملکی شیفس کی بھی شرکت
بریدہ میں 17واں کلیجا فیسٹیول اپنی تمام دلکشیوں کے ساتھ جاری ہے جہاں مراکش، ترکیے اور مصر کے پکوانوں اور ثقافت پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ لوگ مقامی طور پر مشہور بسکٹ اور پیسٹری میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مراکش، مصر اور ترکیے کے شیفس اپنے اپنے ملکوں کی مشہور ڈشیں اور کھانے پکانے کے روایتی طریقوں کو شیئر بھی کر رہے ہیں۔
بریدہ کے شاہ خالد ثقافتی سینٹر میں جاری فیسٹیول میں، جو 17 جنوری تک جاری رہے گا، نامور شیف کھانے پکانے کا لائیو مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔
فیسٹیول میں قدرتی نشو و نما پر مبنی زرعی اور جانوروں کی پروڈکٹس کے لیے ایک خصوصی خیمہ نصب کیا گیا ہے جہاں کلیجا میں استعمال ہونے والے کچھ خاص اجزا کی نمائش کی جا رہی ہے جن میں گھی، کھجور کا شربت، ثابت گندم، قدرتی شہد اور مختلف اقسام کا غلہ شامل ہے۔
اس فیسٹیول کا افتتاح 17 برس قبل قصیم کے گورنر شہزادہ فیصل بن مشعل نے کیا تھا۔

یہ ایونٹ جو کبھی ایک ہی مقامی پروڈکٹ کو لوگوں کے سامنے رکھا کرتا تھا، آگے بڑھتے بڑھتے اب بڑی سالانہ تقریب میں تبدیل ہو چکا ہے اور علاقے کی ثقافتی شناخت کا مظہر ہے۔
اس فیسٹیول نے کلیجا کو ایک روایتی بسکٹ اور پیسٹری سے ایک تسلیم شدہ ثقافتی اور معاشی علامت میں تبدیل کر دیا ہے اور اسے بنانے والوں کے اہلِ خانہ اور دستکاروں کو بااختیار بنایا ہے۔ اسی فیسٹیول کی وجہ سے وہ مہارتیں جن کی بنیاد مملکت کے ورثے پر ہے، آمدن کے دیرپا وسائل کے درجے پر پہچ چکی ہیں۔

سعودی عرب میں کھانے پکانے کے فنون کے کمیشن نے کلیجا کو قصیم کے علاقے کی مقبول اور نمائندہ پروڈکٹ میں شمار کر لیا ہے جو اس کی ثقافتی قدر اور علاقے میں کلیجا کی غذائی شناخت کے نمائندہ کردار کی توثیق ہے۔