Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معتمرین و حجاج کیلئے پیشہ ور خدمتگار تیار کئے جائینگے، نائب وزیر حج

مکہ مکرمہ.... سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے واضح کیا ہے کہ ان کی وزارت معتمرین اور حجاج کیلئے پیشہ ور خدمتگار تیار کرائے گی۔ مستقبل میں صرف معلمین ہی نہیں بلکہ ان کے سائبان تلے کام کرنے والوں کو پیشہ وارانہ تربیت بھی دی جائے گی ۔ ان میں حجاج، معتمرین اور زائرین کی خدمت کا جذبہ بیدار کیا جائے گا۔ انہیں ضیوف الرحمان کی خدمت کے طور طریقے بتائے اور سمجھائے جائیں گے۔ سعودی ویژن 2030 کے مطابق حج و عمرہ کیلئے آنے والوں کی میزبانی کو حقیقی پیشہ وارانہ صنعت میں تبدیل کردیاجائے گا۔ وہ پیر کو 135 معلمین و معلمات کو ٹورسٹ گائیڈ سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جانے والی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ المشاط نے کہا کہ حج و عمرہ کیلئے آنے والوں کی ضیافت کو پیشہ وارانہ حقیقی صنعت میں تبدیل کرنے کا محرک نہ صرف یہ کہ حجاج و معتمرین کی تعداد میں روزافزو ں اضافہ ہے بلکہ مقدس شہروں اور اطراف کے علاقوں کی سیر کے حوالے سے معتمرین و زائرین کے مبارک سفر کو کامیابی سے ہمکنار کرنا بھی ہے۔ دریں اثناء محکمہ امن عامہ نے واضح کیا ہے کہ آج منگل سے کسی بھی احرام پوش سعودی یا مقیم غیر ملکی کو دوپہر 12 بجے سے حج اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ جانے نہیں دیا جائے گا۔ امن عامہ کے اہلکار مقدس شہر کے اطراف واقع چیک پوسٹوں پر آج منگل دوپہر سے حج اجازت نامے چیک کرکے ہی انہیں مکہ مکرمہ جانے کی اجازت دیں گے۔ 
 

شیئر: