Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کا ماحول خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائیگی، سیکیورٹی کمانڈر

مکہ مکرمہ .... حج سیکیورٹی کمانڈرز نے انتباہ دیا ہے کہ اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی کا ماحول خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائیگی۔ مشاعر مقدسہ میں امن و امان برقرار رکھنے میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لیا جائیگا۔ حج سیکیورٹی کی تمام اسکیمیں انتہائی غوروخوض کے بعد تیار کرلی گئی ہیں۔ حج سیکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر میجر جنرل زاید الطویان نے منیٰ میں امن عامہ کے صد ر دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں داخلے کے تمام راستے مکمل طور پر بند کردیئے گئے ہیں۔ الیکٹرانک اجازت نامے رکھنے والے ہی مکہ اور مشاعر مقدسہ جاسکیں گے۔ ان کے علاوہ کسی کو بھی حج مقامات پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج سیکیورٹی فورس نے عام اور ہنگامی حالات کے لئے تمام مطلوبہ اسکیمیں تیار کرلی ہیں۔ کسی بھی ناگفتہ بہ صورتحال کی صورت میں متبادل اسکیمیں روبعمل لائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حج مقامات جانے والے تمام راستوں ، سڑکوں اور شاہراہوں پر روایتی تفتیشی چوکیوں کے ساتھ نئی چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔حج ٹریفک امو رکے معاون کمانڈر میجر جنرل محمد البسامی نے بتایا کہ حج مقامات پر ٹریفک کو منظم اور محفوظ بنانے اور رکھنے کیلئے ٹریفک اسکیمیں تیار ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حج ایام میں ٹریفک رواں دوا ں رہیگا۔ 25سواریوں سے کم نشستوں والی سعودی، غیر سعودی کسی بھی گاڑی کو مکہ مکرمہ جانے سے روکا جائیگا جبکہ 5ذی الحجہ 1439ھ سے ایسی گاڑیوں کو مشاعر مقدسہ جانے سے بھی روک دیا جائیگا۔ بغیر اجازت ناموں والی موٹر سائیکلوں کو بھی مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں۔ محکمہ ٹریفک نے غیر قانونی گاڑیوں کو پکڑنے کیلئے مشاعر مقدسہ میں جگہ جگہ چوکیاں قائم کردی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مزدلفہ سے منیٰ جانے والی بسوں کیلئے ایک نیا راستہ بنایا گیا ہے۔ البسامی نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں غیر قانونی گاڑی جو بھی نظر آئیگی اس پر 5ہزار ریال جرمانہ ہوگا جبکہ مشاعر مقدسہ کے بالمقابل پکڑی جانے والی غیر قانونی گاڑی پر 3ہزار ریال اور مکہ شہر کے اندر غیر قانونی گاڑی پکڑے جانے پر 1500ریال کا جرمانہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ العزیزیہ کا علاقہ مشاعر مقدسہ کا حصہ بن چکا ہے۔ وہاں 7لاکھ سے زیادہ عازمین سکونت پذیر ہیں۔ وہاں بھی ٹریفک اور سلامتی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔جن کی بدولت 97ہزار گاڑیوں سے نجات مل جائیگی۔البھیتہ سیکیورٹی سینٹر کے کمانڈر میجر جنرل مطلق القثامی نے بتایا کہ خلیجی ممالک اور مملکت کے مشرقی و وسطی علاقوں سے سڑکوں کے راستے آنے والے 60فیصد حاجیوں کیلئے البھیتہ میں سیکیورٹی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ حج اجازت نامے چیک کرنے کیلئے 13چوکیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ چھوٹی اور بڑی گاڑیو ںکو مناسب جگہ پر پارک کرانے کیلئے 4پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔

شیئر: