’جیسے ماضی میں گھوم رہے ہیں‘: بریدہ کے تاریخی بازار میں عید کی خریداری
قصیم ریجن کے شہر بریدہ کا تاریخی و روایتی بازار ’الجردہ‘ عید الفطر کی خریداری کے حوالے سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اگرچہ شہر میں مالز و شاپنگ سینٹرز موجود ہیں تاہم بریدہ کا روایتی بازار الجردہ آج بھی ہر خاص و عام کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
روایتی مارکیٹ میں ضرورتِ زندگی کی ہر چیز دستیاب ہے، جن میں عید کے کپڑے اور دیگر لوازمات سے لے کر فرنیچر اور گھریلو استعمال کی مختلف اشیا شامل ہیں۔
قدیم بازار کی رونقیں عیدین کے موقع پر عروج پر ہوتی ہیں۔ الجردہ علاقے کا سب سے قدیم اور تاریخی بازار ہے۔ عہدِ رفتہ میں بھی یہ بازار تجارتی قافلوں کا مرکز مانا جاتا تھا۔
مارکیٹ میں لیدر اور لکڑی کی مصنوعات کی بڑی دکانیں ہیں۔ ہر برس یہاں رمضان بازار بھی لگایا جاتا ہے جو عید کے قریب ’عید بازار‘ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

عید کے حوالے سے مارکیٹ میں مردانہ کپڑے، بخور، عود اور دستکاری کی اشیا اور دیگر ساز و سامان کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔
الجردہ مارکیٹ ایک طرح سے ماضی کو حال سے جوڑنے کا کام بھی کرتی ہے۔ خریداروں کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ماضی میں گھوم رہے ہوں۔
