Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لارڈ ز ٹیسٹ: ہند کیخلاف انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم

 
لارڈ ز:ہند انگلینڈ دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے کرس ووکس کی شاندار سنچری کی بدولت پوزیشن انتہائی مستحکم کرلی۔ خراب روشنی کے باعث جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے ہند کی پہلی اننگز 107 رنز کے جواب میں 6وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنا کر 250 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی ۔ کرس ووکس 120 اور سام کیورن 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ بیئر اسٹو نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی سے صرف 7 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہیں کرسکے۔ انگلینڈ نے دوسرے دن ہند کو صرف 107 رنز پر آوٹ کرنے کے بعد تیسرے دن پہلی اننگز کا آغاز کیا لیکن ابتداءمیں ہی 32 کے اسکور پر دونوں اوپنر ز اور 131 رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس موقع پر ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے کرس ووکس اور جونی بیئر اسٹو نے شاندار 189 رنز کی پارٹنرشپ سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی اب ہند کیلئے میچ بچانا مشکل نظر آرہاہے۔ کرس ووکس کی اننگز میں 18 چوکے شامل تھے جبکہ جونی بیئر اسٹو نے 12 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگر کھیلی ۔ انگلینڈ کے ایلسٹر کک 21 ، کیٹن جیننگز 11، کپتان جوئے روٹ 19، اولی پوپ 28 اور جوز بٹلر نے 24 رنز بنائے۔ ہند کے محمد شامی کامیاب بولر رہے انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہردک پانڈیا نے 2 اور ایشانت شرما نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا،  بارش سے متاثرہ میچ کے دوسرے دن ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 107 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بیٹنگ بھی وکٹ پر تا دیر قیام ممکن نہیں بنا سکی، اینڈرسن نے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر مرلی وجے کی وکٹ صفر پر اڑا دی، لوکیش راہول 8 رنز بنا سکے۔ شیکھردھون کی جگہ کھیلنے والے پجارا رن آوٹ ہوگئے۔انھوں نے 25 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک رن بنایا۔ کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہنے نے انگلش بولرز کا سامنا اعتماد سے کرنے کی کوشش کی مگر یہ سلسلہ زیادہ دیر چل نہیں پایا۔ ویرات کوہلی نے 24 رنز بنا کر وو کس کی گیند پر بٹلر کو کیچ دیدیا۔ہردک پانڈیانے 11 اور دنیش کارتھک نے ایک رن بنایا۔ اجنکیا راہنے کی ہمت بھی 18 رنز پر جواب دے گئی۔کلدیپ یادو صفر پر آوٹ ہوئے۔ ایشون نے 29 رنز بنائے ۔ ایشانت شرما آوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے ۔ انھیں اینڈرسن نے اپنا پانچواں شکار بنایا۔ محمد شامی 10 پر ناٹ آوٹ رہے۔ اینڈرسن نے 13.2 اوورز میں 20 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں، کرس ووکس نے 2 جبکہ اسٹورٹ براڈ اور سام کیورن نے ایک، ایک وکٹ لی۔ 5 ٹیسٹ کی سیریز میں انگلینڈ کو0-1کی برتری حاصل ہے۔ 

شیئر: