Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی کیلئے 20کروڑ کی گرانٹ حکومت نے جاری نہیں کی

 
کراچی:پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی میں عزت سے آیا تھا اور عزت سے ہی جاوں گا۔ٹیم کیلئے دوستوں سے ادھار پیسے لے کر وعدہ پورا کیا۔نئی حکومت ہماری کارکردگی کو پہلے جانچے پھر کوئی فیصلہ کرے۔ نگراں حکومت نے منظور کردہ 20کروڑکی گرانٹ جاری نہیں کی۔کوئی چوری نہیں کی،جو نئی حکومت فوری ہٹا دے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف ) کے صدرخالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ ہماری نظر میں پیسے سے زیادہ عزت کی اہمیت ہے، پیسوں کے معاملے پر میں نے کراچی آکر ایک، ایک کھلاڑی سے بات کی،میں نے دوستوں سے پیسے ادھار لے کر کھلاڑیوں کے لئے رقم کا انتظام کیا اور انہیں ایشین گیمز کیلئے تیار کیا۔ ان کے باقی ماندہ واجبات بھی جلد ادا کردیں گے جب اور جہاں بھی ہمارے پاس پیسے آئے ہم فوری طور پر ادائیگی کردیں گے، اس وقت 2 کروڑ روپے ادا کر دیے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ نگراں حکومت نے منظور کردہ گرانٹ20کروڑ روپے جاری نہیں کی۔ نئی حکومت سے توقع ہے کہ وہ جلد یہ رقم ریلیز کر دے گی۔ ہم نے کوئی چوری نہیں کی جو نئی حکومت ہمیں فوری ہٹا دے گی البتہ اگر وہ ہماری کارکردگی سے مطمئن نہ ہو تو بے شک ہٹا دے۔ اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن شہباز سینیئر، ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمنز، منیجر حسن سردار، کپتان رضوان سینیئر اور دیگر بھی موجود تھے۔سیکریٹری اولمپئن شہبازسینیئر نے کہا پریس کانفرنس کا مقصد قومی ٹیم کو بلند حوصلوں کےساتھ ایشین گیمز کیلئے رخصت کرنا تھا، میں اپنے خلاف پروپیگنڈے سے نہیں ڈرتا،میں چاہتا ہوں کہ میڈیا ایشین گیمزکے فائنل سے پہلے قومی ٹیم پر تنقید نہ کرے۔ یہ وقت ٹیم کو سپورٹ کرنے کا ہے۔ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمیز نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ ہم قلیل وقت میں خامیاں دور نہیں کرسکتے۔ ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم سیمی فائنلز تک رسائی پانے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔قومی ہاکی کپتان رضوان سینیئر نے کہا کہ قومی کیمپ میں بھرپور تیاری کی ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے۔ گیمز میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔روایتی حریف ہند کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

شیئر: