Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن وبائی مرض سے خالی رہا، وزیر صحت

مکہ مکرمہ .... وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حج سیزن میں اب تک کسی قسم کے وبائی مرض کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ سعودی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیر صحت نے مزید کہا کہ خادم حرمین شریفین کی ہدایات کے پیش نظر ضیوف الرحمان کو بہترین خدمات کی فراہمی جاری ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزارت صحت کی جانب سے مشاعر مقدسہ اور حرمین میں صحت مراکز کے علاوہ اسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ وزارت صحت کے 30 ہزار سے زائد اہلکار ضیوف الرحمان کی خدمت کے لئے متعین کئے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر 25 اسپتال قائم کئے گئے ہیں جن میں 5500 بستروں کی گنجائش ہے ۔ مشاعر مقدسہ میں 8 اسپتال قائم کئے گئے ہیں جن میں 4 میدان عرفات کے مختلف علاقوں میں جبکہ باقی منی میں کام کررہے ہیں ۔ عرفات میں وقوف کے دوران 100 موبائل یونٹس بھی کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کےلئے پہنچائے گئے ۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ حج سیزن کے آغاز سے وقوف عرفہ تک 1270 گردے کے امراض میں مبتلا عازمین کو ڈائیلاسیس کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ 71 حجاج کی انجیو پلاسٹی کی گئی ۔ 17 مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری وزارت صحت کے مراکز میں کی گئی ۔ حج سیزن میں 6 بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں ایک بچہ وقوف عرفہ کے دن پیدا ہوا ۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حجاج کو صحت کی بہترین خدمات کی فراہمی جاری ہے تاکہ وہ مکمل اطمینان سے مناسک حج ادا کرسکیں ۔ 

شیئر: