مکی آرتھر تعطیلات کے بعد ہفتہ کو لاہور پہنچیں گے

 
 
لاہور:ایشیا کرکٹ کپ کیلئے تیاریوں کا آغاز عید کی تعطیلات کے بعد ہوگا ۔دورہ زمبابوے میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور میزبان ٹیم کیخلاف 5ون ڈے میچز کے بعد قومی ٹیم کی کوئی انٹرنیشنل مصروفیت نہیں تھی۔شعیب ملک سمیت چند کرکٹرز کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شریک ہوئے، دیگر نے آرام کرنے کے ساتھ فٹنس پلان کے مطابق انفرادی طور پر ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ کپتان سرفراز احمد اور چند کھلاڑیوں نے لاہور میں فضل محمود کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے ناک آوٹ میچز بھی کھیلے۔عید کی تعطیلات کے ساتھ ہی کرکٹرز کی فراغت کا وقت بھی ختم ہو جائےگا ۔ پھر یواے ای میں 15سے 28ستمبر تک شیڈول ایشیا کپ کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی تعطیلات گزارنے کے بعد آسٹریلیا سے لاہور ہفتے کوآمد متوقع ہے۔ ابھی تک لاہور قلندرز کے ٹرائلز کیلئے مختلف شہروں میں مصروف رہنے والے چیف سلیکٹرز انضمام الحق بھی ممکنہ قومی اسکواڈ پر ساتھیوں سے مشاورت کا آغاز کریں گے،نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں3روز تک جاری رہنے والے سیشنز میں انگلینڈ لائنز کیخلاف میچز کیلئے ”اے“ ٹیم پر بھی غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سلیکٹرز ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو کرکٹ ورلڈکپ پلان کے حوالے سے ہوم ورک سے آگاہ کریں گے، اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایشیاکپ کیلئے اسکواڈ کا انتخاب ہوگا۔کھلاڑیوں کو تازہ دم کرنے کیلئے ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ لگانے کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا گیا تھا، کھلاڑی28اگست کو پرفضا مقام کیلئے رخت سفر باندھیں گے۔ 3ستمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں واپسی کے بعد تربیتی کیمپ شروع ہوگا۔

شیئر: