Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی سطح پر کوریج سے حج کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش ناکام ہوگئی، ڈاکٹر عواد العواد

جدہ .... وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے کامیاب حج کے انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس حج کی کوریج کے لئے دنیا بھر سے میڈیا کے ارکان کو دعوت دی گئی تھی تاکہ وہ اس عظیم فریضے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا از خود جائزہ لیں ۔ وہ وزارت اطلاعات کے زیر انتطام منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کررہے تھے جو مختلف ممالک سے آنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے اعزازمیں مرتب کی گئی تھی۔ وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں مزید کہاکامیاب حج آپریشن اور اسکی دنیا بھر میں بہترین کوریج سے ان لوگوں کا مذموم ایجنڈا ناکام ہو گیا جو حج کو سیاست کا رنگ دے کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے ۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا وزارت نے مکہ ریجن میں مرکزی میڈیا سینٹر قائم کیا تھا جہاں دنیا بھر سے آنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور وفود کو تمام سہولتیں فراہم کی گئی تھیں تاکہ وہ حج جیسے عظیم رکن کی کوریج کریں ۔وزارت کے زیر اہتمام منعقدہ حج کوریج کےلئے168مقامی اور 818 بین الاقوامی صحافیوں نے شرکت کر کے حج کے عظیم آپریشن کو براہ راست دنیا بھر کے سامنے پیش کیا ۔ مملکت کی جانب سے ضیوف الرحمان کو پیش کیجانے والی خدمات سے بھی دنیا آگاہ ہوئی ۔ وزیر اطلاعات نے تقریب میں موجود دنیا بھر سے آنے والے وفود کو کامیاب حج کوریج پر بھی مبارک باد پیش کی ۔ بعدازاں تقریب میں شریک دیگر مہمانوں نے بھی خطا ب کیا اور کامیاب حج آپریشن پر مبارک باد پیش کی ۔ پاکستان سے آنے والے معروف اداکار فواد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں آج اس اہم ترین اجتماع کے شرکا سے مخاطب ہوں جس سے ہم محبت بھی کرتے ہیں عزت بھی۔ یہ میرا پہلا حج ہے جس میں میں نے مملکت کی جانب سے ضیوف الرحمن کیلئے پیش کی جانے والی خدمات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جو مثالی اور قابل قدر ہیں۔ فواد خان نے مزید کہا کہ 23 لاکھ سے زائد حجاج کی حفاظت اور انہیں سہولتوں کے ساتھ مناسک کی ادائیگی کیلئے مرحلہ وار ایک مقام سے دوسرے مقام منتقلی کا عمل لاجواب تھا۔مسلم امہ اور حج میں خادم حرمین شریفین اور ولیعہد کی دلچسپی اور حجاج کے معاملات کو بہترین انداز میں مکمل کرکے امت مسلمہ کیلئے امن کا پیغام دیا ہے۔ سعودی عرب کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ ضیوف الرحمان کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھ کر کرتا ہے۔ مملکت کی قیادت حجاج کیلئے سہولتوں کے معیار مزید بہتر بنانے اور وژن 2030 کو عملی جامہ پہنچانے کی خاطر مسلسل کوشاں ہیں۔ 

شیئر: