Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کرکٹ ٹرافی کے طویل ترین سفر کا شیڈول

 
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ 2019ءکی ٹرافی کے دنیا کے 5 براعظموں کے 21 ملکوں کے سفر کا شیڈول جاری کردیا ہے جو کسی بھی ٹرافی کا طویل ترین سفر ہوگا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز میں 30 مئی سے 14 جولائی 2019ءتک ہونے والے ورلڈ کپ کی ٹرافی کا عالمی سفر 27 اگست 2018ءکو کونسل کے ہیڈ کوارٹر دبئی سے شروع ہوگا۔ ٹرافی 21 ملکوں کے 60 سے زائد شہروں سے گزرے گی جہاں کرکٹ کے شائقین کو ٹرافی کے ساتھ سیلفی، تصاویر بنوانے اور قریب سے دیکھنے کی اجازت ہوگی۔آئی سی سی کے مطابق ٹرافی اپنے 9 ماہ کے طویل سفر کے دوران نہ صرف ان ملکوں میں جائے گی جو ورلڈ کپ میں حصہ لے رہے ہیں بلکہ پہلی مرتبہ اپنی روایت سے ہٹ کر شائقین کو جوڑنے کے لئے مزید 11 ممالک کا بھی سفر کرے گی۔ ورلڈ کپ ٹرافی نیپال، امریکہ اور جرمنی سمیت دیگر ممالک جائے گی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری شیڈول کےمطابق ورلڈکپ ٹرافی متحدہ عرب امارات سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی اور سب سے پہلے عمان جائے گی جس کے بعد امریکہ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال، ہند، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، کینیا، روانڈا، نائیجیریا، فرانس، بیلجیم، ہالینڈاور جرمنی جائے گی۔ورلڈکپ ٹرافی 19 فروری 2019ءکو انگلینڈ اینڈ ویلز پہنچ جائے گی جس کے بعد 100 روزہ مقامی سفر ہوگا اور اس دوران انگلینڈ اینڈ ویلز کے مختلف شہروں میں ٹرافی کو گھمایا جائے گا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹرافی اپنے سفر کے دوران مشہور اور غیرمعمولی مقامات، مختلف قبیلوں، اسکولوں، جامعات اور یہاں تک کہ گھروں میں موجود شہریوں تک پہنچے گی جس کا مقصد لوگوں کو عالمی طور پر جوڑنا ہے،یہ کسی بھی ٹرافی کا منفرد ترین سفر ہوگا۔آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈ سن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ٹرافی کا سفر شائقین کو ورلڈ کپ میں شامل ہونے کے لیے ایک منفرد موقع ہے اور زیادہ ملکوں اور زیادہ شہروں میں جارہی ہے جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ڈیو رچرڈسن کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے شائقین ایک ارب سے زیادہ ہیں اور ٹرافی کو نئی مارکیٹ میں لے جانے سے اس کی شہرت کو مزید وسعت دینے کا ایک زبردست موقع ہوگا اور شائقین کو ٹرافی قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

شیئر: