Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین گیمز میں کامیاب ایتھلیٹس کو نریندرمودی کی مبارکباد

نئی دہلی: ایشین گیمز کے مختلف ایونٹ میں 69تمغے حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے تمام کھلاڑیوں کو جیت پرمبارکباد دی۔ اس تقریب میں کھلاڑیوں نے وزیراعظم اور وزیر کھیل کی جانب سے پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ مزید میڈلز حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ایشین گیمز 2018ء میں ہند کی جانب سے پہلا سونے کا تمغہ جیت کر لانے والے ریسلر بجرنگ پنیا نے اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر سہولتوں کی فراہمی کے بعد ہم آئندہ مقابلوں میں بھی بہتر کارکردگی دکھانے کے قابل ہو جائیں گے۔ 1951ءسے لے کر اب تک ہندوستان کے کھلاڑیوں کے دستے کی حالیہ ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی رہی ہے۔ 400میٹر کی دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ایتھلیٹ ہیما داس نے تقریب کے اختتام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیت کے اس سفر میں حکومتی رہنمائی اور پذیرائی کا تسلسل ازحد ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ اس تمغے کے حصول کے آغاز میں کافی مالی پریشانیوں کا سامنا رہا ۔ ہندوستان نے ایشین گیمز میں 69تمغے حاصل کئے جس میں سونے کے 15، چاندی کے 24اور کانسی کے 30میڈل شامل ہیں۔ جکارتہ میں ہونے والے 18ویں ایشین گیمز میں 45ممالک کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا جس میں ہند نے 8ویں پوزیشن حاصل کی۔

شیئر: