ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب کے دوران دھماکہ، پانچ ہلاک، 10 زخمی
جمعہ 23 جنوری 2026 22:08
فیاض احمد، اردو نیوز۔ پشاور
شادی میں شریک مہمان روایتی اتن ڈانس کر رہے تھے کہ اس دوران دھماکہ ہوا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب کے دوران ایک دھماکے سے پانچ افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جمعے کو ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران دھماکہ ہوا۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی کے مطابق سات ایمبولینس، فائر وہیکل اور ڈیزاسٹر وہیکل امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق ’دھماکے سے کمرے کی چھت منہدم ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم لوگوں کو نکالنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔‘
پولیس کے مطابق ’ڈیرہ اسماعیل خان کے نور حسن محسود نامی ٹھیکیدار کے بھتیجے کی شادی تھی جس میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘
’شادی کی تقریب میں روایتی رقص جاری تھا کہ اس دوران کمرے کے قریب دھماکہ ہوا۔‘
دھماکے کی مبینہ ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں شادی میں شریک مہمان روایتی اتن ڈانس کر رہے تھے کہ اس دوران دھماکہ ہوا۔
ضلعی پولیس افیسر سجاد احمد صاحبزاہ نے بتایا کہ ’دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ مکان کا ایک حصہ منہدم ہوا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ خودکش حملہ تھا کہ نہیں، اس بارے میں فی الوقت کچھ حتمی نہیں کہا جا سکتا ہے۔‘
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے سکیورٹی اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کی نشاندہی کرنے کو کہا ہے۔
انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
