Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں مسلح ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 7رکنی گروہ گرفتار

فیکٹریوں سے قیمتی فولادی ڈائیاں چرانے کے علاوہ مکانوں اور دکانوں میں لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ، ریجنل پولیس ترجمان 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مختلف وارداتوں میں ملو ث 7 رکنی جرائم پیشہ گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان نے اردونیوز کو جاری بیان میں کہا ہے کہ گروہ میں 5 غیر ملکی شامل ہیں ۔ ملزمان مسلح ڈکیتی کے علاوہ فیکٹریوں سے قیمتی ڈائیاں بھی چرانے میں ملوث تھے ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گروہ کے بیشتر ارکان نے ریاض کے وسطی علاقے میں اپنا اڈا بنایا ہوا تھا جہاں وہ مسروقہ سامان جمع کیا کرتے تھے ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے 7 وارداتوں کا اعتراف کیا ۔ گروہ 2حصوں میں تقسیم تھا پہلے حصے میں 3 افراد شامل تھے جن کی عمریں 20 سے 30 برس کے درمیان ہیں ان پر الزام ہے کہ انہو ںنے دکانوں اور مکانوں میں مسلح ڈکیتی کی اورراہ گیروں کو اسلحہ کے زور پر لوٹا ۔ ملزمان نے ڈکیتی کی 7 وارداتوں کا اعتراف کر لیا۔ بیشتر وارداتیں منفوحہ کے علاقے میں کیں جو ریاض کا وسطی علاقہ شمار کیا جاتا ہے ۔ گروہ کا دوسرا حصہ 4 ملزمان پر مشتمل ہے جن کی عمر 30 سے 50 برس کے درمیان ہے ۔ گروہ کے مذکورہ ارکان پلاسٹک مصنوعات تیار کرنے والی فیکٹری سے قیمتی فولادی ڈائیاں چراتے تھے ۔ تحقیقات کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ اب تک وہ 48ڈائیاں چرا چکے ہیں جن کی مارکیٹ میں قیمت 16 لاکھ ریال سے زائد بتائی جاتی ہے ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے 19 مسروقہ ڈائیاں بھی برآمد کرلی گئیں ۔ ملزمان کے خلاف مسلح ڈکیتی، لوٹ مار اور چوری کے مقدمات درج کر کے انہیں ادارہ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا جہاں مزید تحقیقات کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ 
 
 

شیئر: