Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی حکومت کے خلاف سورن طبقے کااحتجاجی مظاہرہ

نئی دہلی۔۔۔۔مرکز کی مودی حکومت کی جانب سے ایس سی /ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کرکے اسے مکمل طور پر بحال کرنے کیخلاف سورنوں (اعلیٰ ذاتوں) میں ناراضی پیدا ہو گئی۔ سورنوں نے آج ’’بھارت بند‘‘ کا اعلان کیا۔اس میں سورنوں کی دیگر تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ہڑتال کا اثر ملک کی مختلف ریاستوں میں نظر آ رہا ہے۔ہڑتال کا اثر سب سے زیادہ بہار میں نظر آرہا ہے۔مدھوبنی اور چھپرا میں لوگوں نے سڑکیں جام کرکے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔بہار کے ضلع آرا میں سورنوں نے آرا ریلوے اسٹیشن کے قریب لوک مانیہ تلک ایکسپریس کو روک دیا۔ہڑتال کے پیش نظر مدھیہ پردیش کے 10اضلاع میں دفعہ144نافذ کردی گئی جو 7ستمبر تک جاری رہے گی۔علاوہ ازیں ا سکول ، کالج اور پٹرول اسٹیشن بند کردیئے گئے۔ راجستھان کی تنظیم ’’سرو سماج سنگھرش سمیتی‘‘ کا الزام ہے کہ مرکزی حکومت ذاتوں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہے لیکن وہ اس مقصد کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔اتر پردیش میں ہڑتا ل کے پیش نظرسیکیورٹی اہلکاروں کو مستعد کر دیا گیا۔لکھنؤ، بجنور، الٰہ آباد، اعظم گڑھ اور بریلی جیسے 11 اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا۔ واضح ہو کہ گزشتہ 2اپریل کوایس سی /ایس ٹی ترمیمی بل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف شیڈول کاسٹ کی تنظیموں نے ’’بھارت بند‘‘کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس وقت سب سے زیادہ پْرتشدد ہنگامے مدھیہ پردیش کے ضلع گوالیار اور چنبل علاقے میں ہوئے تھے۔ اس وجہ سے مدھیہ پردیش انتظامیہ ’’بھارت بند‘‘ کے پیش نظر مکمل مستعدہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیئے گئے۔
مزید پڑھیں:- - - - -ہند،امریکہ کے مابین امیگریشن سمیت مختلف امور پرمذاکرات

شیئر: