Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دینی اعتبار سے قابل اعتراض جوتے فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی

ریاض .... وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے واضح کیا ہے کہ دینی اعتبار سے قابل اعتراض جوتے فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عاجل ویب سائٹ نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرائی گئی تھی کہ ریاض کے ایک مشہور تجارتی مرکز میں یورپی مارکہ والے ایسے جوتے فروخت کئے جارہے ہیں جن پر دینی اعتبار سے قابل اعتراض نام تحریر ہیں۔ مقامی شہری نے تجارتی مرکز میں قابل اعتراض جوتے دیکھ کر عاجل سے بھی رابطہ کیا تھا اور پھر وزارت تجارت کو بھی اس تکلیف دہ واقعہ سے آگاہ کردیا تھا۔ وزارت تجارت نے اس کے جواب میں واضح کیا کہ اس نے مذکورہ ادارے کے عہدیداروںکو ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے طلب کرلیا۔ ادارے کی نشاندہی کرلی گئی۔ قابل اعتراض جوتے ضبط کرلئے گئے۔ مقامی ویب سائٹ نے شکوہ کیا ہے کہ وزارت نے رائے عامہ کو اس حوالے سے پوری حقیقت ابھی تک نہیں بتائی۔ وزارت کے اعلامیہ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس تجارتی مرکز نے قابل اعتراض جوتے اپنے شو روم میں رکھے تھے۔ یہ بھی واضح نہیں کہ جوتے کس یورپی کمپنی کے تیار کردہ تھے۔ اس امر کی جانب بھی اشارہ نہیں کیا گیا کہ ضبط شدہ جوتے کتنے تھے؟ یہ حقیقت بھی ابھی تک غور طلب ہے کہ آخر اس قسم کے جوتے سعودی مارکیٹ تک کیونکر اور کس طرح پہنچ گئے۔ 

شیئر: