Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ : سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہند نے ہانگ کانگ کو ہرا دیا

 
دبئی:ایشیا کپ کے گروپ اے کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد ہند کی ٹیم ہانگ کانگ کو 26رنز سے ہرا کر سپر 4مرحلے میں پہنچ گئی۔ہانگ کانگ لگاتار دوسرا میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔286رنز کے ہدف کیلئے ہانگ کانگ نے 8وکٹوں کے نقصان پر 259رنز بناکر عمدہ مقابلہ کیا۔ ہانگ کانگ نے ہدف کے تعاقب میں34اوورز میں 174رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد آخری اوورز میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کی وجہ سے ہدف کا حصول ناممکن ہوتا گیا۔ کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔مقررہ 50 اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر 285رنز بنائے۔پہلی وکٹ 45کے اسکورپر گری جب روہت شرما23رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، انہیں احسان خان کی گیند پر نزاکت خان نے کیچ آوٹ کردیا ۔اوپنر شیکھر دھون نے شاندار سنچری اننگز کھیلتے ہوئے2چھکے اور 15چوکے لگا کر 127رنز بنائے۔شیکھر دھون سنچری بنانے پر مین آف دی میچ کے حقدار قرار پائے۔تنویر افضل نے کنچٹ شاہ کی گیند پر دھون کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ امباتی رائڈو نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 60رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر شیکھر دھون کا ساتھ دیا۔احسان نواز نے وکٹ کے پیچھے آوٹ کرادیا۔ مہندر دھونی بدقسمتی سے صفر پر آوٹ ہوگئے۔ دنیش کارتھک نے 33رنز بنائے۔کدار جادھیو28رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے کنچٹ شاہ نے 3وکٹیں حاصل کیں، احسان خان 2وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے جبکہ اعزاز خان او راحسان نواز کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔286رنز کے ہدف کے حصول کیلئے ہانگ کانگ کے اوپنرز نزاکت خان اور کپتان انشومن راتھ دونوں نے مل کر نہایت ذمہ دارانہ انداز سے بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 34اوورز میں 174رنز بنا لئے۔ میچ پر گرفت کمزور پڑتی دیکھ کر ہندوستانی کپتان روہت شرما کے ہاتھ پاوں پھولنا شروع ہو گئے ۔ اس موقع پر نوجوان بولر کلدیپ یادو شراکت توڑنے میں کامیاب ہو گئے اور انہوں نے کپتان انشومن کو 73رنز پر شرما کے ہاتھوں کیچ آوٹ کر دیا۔ ہند کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو کرنے والے 20سالہ نوجوان خلیل احمد نے نزاکت خان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 92رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔ بابر حیات نے 18رنز بنائے، کرسٹوفر کارٹر نے 3رنز بنائے ان دونوں کو دھونی نے وکٹوں کے پیچھے شکار کیا۔ کنچنٹ شاہ 17رنز بنا سکے اور چاہل کی گیند پر دھون کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ احسان خان کو 22رنز پر خلیل احمد نے اپنی ہی گیند پر کیچ آوٹ کردیا۔تنویر افضل 12اور احسان نواز 2رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ ہانگ کانگ کی ٹیم مقررہ 50اوورز میں 8وکٹوں پر 259رنز بنا سکی۔
 
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں

شیئر: