Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وکٹ کیپر محمد رضوان کی دبئی طلبی: سرفراز احمدپر دباو

دبئی: سلیکشن کمیٹی نے کپتان و وکٹ کیپر سرفراز احمد کی موجودگی میں محمد رضوان کو ریزرو وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے بعد کپتان سرفراز احمد پر دباو بڑھ رہا ہے۔ مسلسل ہونے والی تنقید کے بعدسلیکشن کمیٹی بھی دباو میں نظر آرہی ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ٹیم سلیکشن پر مشاورت کی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز میں سلیکٹرز نے سرفرازاحمد کے ساتھ ریزرو وکٹ کیپر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ کو سلیکشن کمیٹی نے بتایا ہے کہ سرفراز احمد پر بوجھ کم کرنے کیلئے رضوان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔2016 کے دورہ انگلینڈ میں محمد رضوان ٹیم کا حصہ تھے اس کے بعد سے وہ کسی ٹیسٹ سیریز میں سرفراز احمد کے ساتھ ریزرو وکٹ کیپر نہیں رہے۔ محمد رضوان پاکستان اے کے ساتھ چار روزہ میچ کھیلنے دبئی پہنچے ہیںاور چار روزہ میچ کے بعد انہیں ٹیسٹ سیریز کے لئے دبئی میں روک لیا جائے گا۔ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم میں شامل محمد عامر ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ ہوں گے حالانکہ محمد عامر ٹورنامنٹ میں مسلسل مشکلات سے دوچار رہے ہیں۔پاکستانی اوپنرز میں اظہر علی،امام الحق اور فخر زمان ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: