حدود شمالیہ میں سردی کا موسم، قدرتی مناظر اور لوک ورثے سے صحرائی سیاحت میں اضافہ
صحرا کا ماحول آنے والے افراد کو مختلف سرگرمیوں کا موقع دیتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے حدود شمالیہ ریجن کے صحرا سردیوں کے موسم میں ایک الگ ہی خوبصورتی اختیار کر لیتے ہیں جہاں کھلی فضاؤں اور صحرائی علاقوں کی وجہ سے کیمپنگ اور سیر و تفریح کے شوقین افراد کا تانتا بندھ جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہاں کے متنوع قدرتی مناظر اور بھرپور ثقافتی ورثہ آنے والوں کو فضا کا لطف اٹھانے کے ساتھ ساتھ صحرائی زندگی کے روایتی طریقوں کو جاننے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
اس علاقے کے صحرائی مناظر میں میدان، سطح مرتفع اور وادیاں شامل ہیں۔ بارش کے بعد پانی کے جمع ہونے اور جنگلی پودوں کے اگنے سے موسم اچھا ہوتے ہی یہاں کے مناظر اور دلکش ہو جاتے ہیں جس سے فوٹوگرافی کے شوقین افراد کو صحرائی ماحول اور موسمی تبدیلیوں کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرنے کے بہترین مواقع ملتے ہیں۔
سردیوں کے موسم میں صحرائی کیمپ سب سے اہم سرگرمی سمجھے جاتے ہیں جو خاندانوں اور دوستوں کو ایک ساتھ بیٹھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ سعودی کافی اور اس کی تیاری اور پیش کرنے کی روایات مہمان نوازی کا لازمی حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ یہاں ہونے والی باتوں اور لوک کہانیوں میں انسان اور صحرا کے پرانے تعلق کے ساتھ ساتھ نسل در نسل منتقل ہونے والی روایات کو یاد کیا جاتا ہے۔

صحرا کا ماحول آنے والے افراد کو مختلف سرگرمیوں کا موقع دیتا ہے جن میں تفریحی دورے اور ستارے دیکھنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آنے والے لوگ صحرا نشینوں کے روایتی طریقوں اور اس علاقے کے خاص ثقافتی ورثے کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔
سردیوں کا یہ موسم صحرائی سفر سے منسلک کاروباری اور خدماتی شعبوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جن میں کیمپنگ کا سامان، کیمپوں کی تیاری، مہمان نوازی اور کھانے پینے کی سہولیات شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں سے مقامی لوگوں اور کام کرنے والے خاندانوں کے لیے روزگار کے موسمی مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

صحرائی سیاحت ایک بہترین شعبے کے طور پر ابھر رہی ہے جس میں قدرتی مقامات اور مقامی ورثے کو ملا کر نئے سیاحتی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان میں خاص معلوماتی دورے، خاندانی سرگرمیاں اور فوٹوگرافی کے تجربات شامل ہیں جن سے حدود شمالیہ ریجن میں سیاحت کے مواقع مزید بڑھ رہے ہیں۔
