’آئی فون ڈیو‘ کی سکرین پر دراڑیں، سام سنگ کا ٹرکس پر اشتہارات کے ذریعے ایپل پر طنز
’آئی فون ڈیو‘ کی سکرین پر دراڑیں، سام سنگ کا ٹرکس پر اشتہارات کے ذریعے ایپل پر طنز
پیر 2 نومبر 2026 12:27
سام سنگ کی ایک پوسٹ میں لکھا گیا ’فولڈنگ ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں۔‘(فوٹو:سیمی فینز)
ایپل کے پہلے فولڈ ایبل ’آئی فون ڈیو‘ کی سکرین میں خرابی کی شکایات سامنے آنے کے بعد حریف کمپنی سام سنگ نے ایک بار پھر ایپل کو اپنی اشتہاری مہم کے ذریعے نشانہ بنایا ہے، جس میں صارفین کو گلیکسی زیڈ فولڈ 8 خریدنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس ’سیمی فینز‘ اور ’ٹیک ٹاؤن‘ کے مطابق سام سنگ نے ایپل کے فولڈ ایبل فون کی سکرین میں دراڑیں پڑنے کی شکایات پر طنز کرنے کے لیے کینیڈا کے بڑے شہروں میں ڈیجیٹل بل بورڈز سے لیس ٹرک بھی سڑکوں پر اتار دیے ہیں۔
یہ مہم ٹورنٹو اور وینکوور سمیت مختلف شہروں میں چلائی جا رہی ہے۔
ان ٹرکوں پر ایسے گرافکس دکھائے گئے ہیں جن میں آئی فون ڈیو کی اندرونی سکرین پر ہنج کے مقام پر پڑنے والی دراڑ جیسی لکیر نمایاں ہے۔ ان کے ساتھ ’فولڈنگ، ہم آٹھ نسلوں سے جانتے ہیں‘ کا پیغام درج ہے، جو سام سنگ کے گلیکسی زیڈ فولڈ کی آٹھویں جنریشن کی جانب اشارہ ہے۔
سام سنگ نے صرف کینیڈا تک اپنی مہم محدود نہیں رکھی بلکہ کمپنی کے کینیڈا، ملائیشیا، آسٹریلیا اور سعودی عرب کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹس سے بھی مختلف طنزیہ اشتہارات شیئر کیے گئے ہیں۔
سام سنگ کینیڈا کی ایک پوسٹ میں لکھا گیا ’فولڈنگ ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں‘ اور ’ہمیں فولڈنگ کے بارے میں آٹھ جنریشنز کا تجربہ ہے۔‘ اس کے ساتھ صارفین کو ’گلیکسی زیڈ فولڈ 8 پر منتقل ہونے‘ کا پیغام بھی دیا گیا ہے۔
اسی طرح سام سنگ آسٹریلیا نے ایک اشتہار میں طنزیہ انداز میں کہا کہ جب فون کھولنے پر اس کی سکرین نہ ٹوٹے تو زندگی کیسی محسوس ہوتی ہے۔ جبکہ سام سنگ سعودی عرب کی ایک ویڈیو میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی اندرونی سکرین پر دراڑ دکھائی دیتی ہے، تاہم بعد میں واضح ہوتا ہے کہ یہ دراڑ دراصل سکرین کا وال پیپر ہے۔
سیمی فینز کے مطابق سام سنگ نے آن لائن اشتہارات کے علاوہ ایسی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں جن میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کو مختلف سمتوں میں بار بار کھولتے اور بند کرتے دکھایا گیا ہے، جس کے ذریعے کمپنی نے بالواسطہ طور پر ایپل کے فون کے ہنج اور سکرین کی پائیداری پر سوال اٹھائے ہیں۔
آئی فون ڈیو کی اندرونی سکرین میں خرابی کی شکایات فون کی عالمی لانچ کے کچھ ہی دن بعد سامنے آئی تھیں۔
واضح رہے کہ سام سنگ اس سے قبل بھی آئی فون کے مختلف فیچرز اور خامیوں کو اپنی اشتہاری مہمات میں طنز کا نشانہ بناتا رہا ہے۔(فوٹو:سیمی فینز)
بعض صارفین نے سکرین کے درمیان، جہاں سے فون فولڈ ہوتا ہے، دراڑیں اور روشن لکیر نمودار ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
ایپل نے اس مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی فون ڈیو کے متاثرہ یونٹس کی تعداد کم ہے اور جن صارفین کو سکرین کے مسائل کا سامنا ہو وہ ایپل کیئر سے رابطہ کرکے متبادل فون حاصل کر سکتے ہیں۔
تاہم کمپنی نے خرابی کی اصل وجہ کی وضاحت نہیں کی۔
واضح رہے کہ سام سنگ اس سے قبل بھی آئی فون کے مختلف فیچرز اور خامیوں کو اپنی اشتہاری مہمات میں طنز کا نشانہ بناتا رہا ہے۔
دوسری جانب سام سنگ کے اپنے پہلے فولڈ ایبل فون گلیکسی فولڈ کو بھی 2019 میں سکرین کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے باعث اس کی لانچ مؤخر کر دی گئی تھی۔