نیشنل سینٹر فار فالکنز آکشن کی 15ویں شام دو باز تین لاکھ 82 ہزار ریال میں فروخت
نیلامی میں صرف سعودی عرب سے پکڑے گئے کم عمر پیریگرین بازوں کو ہی قبول کیا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
نیشنل سینٹر فار فالکنز کی 2026 کی نیلامی کی 15ویں شام کو دو نو عمر پیریگرین باز مجموعی طور پر تین لاکھ 82 ہزار ریال میں فروخت ہو گئے۔ یہ نیلامی 30 نومبر تک جاری رہے گی جس میں باز پالنے والوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق عرعر کے علاقے الاقریٰ سے پکڑا گیا پہلا باز منور الجہنی اور ان کے بھائیوں کی طرف سے پیش کیا گیا جس کی بولی 60 ہزار ریال سے شروع ہوئی اور یہ دو لاکھ 16 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
الصفانیہ سے پکڑا گیا دوسرا نو عمر باز عمر نائف العازمی نے پیش کیا جس کی بولی بھی 60 ہزار ریال سے شروع ہوئی اور یہ ایک لاکھ 66 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
یہ نیلامی صرف سعودی عرب کے اندر سے پکڑے گئے کم عمر مہاجر پیریگرین بازوں کو ہی قبول کرتی ہے جبکہ بالغ پیریگرین اورسیکر بازوں کو شامل نہیں کیا جاتا تاکہ ان کی تعداد کو برقرار رکھا جا سکے اور ان کی نسل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
